پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات، ریلی ملتوی کرنے کی درخواست
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے ملاقات جاری ہے، جس میں کراچی میں مجوزہ ریلی کو ملتوی کرانے کے معاملے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی قیادت میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر پہنچا، جہاں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے مشاورت کا آغاز ہوا۔
نثار کھوڑو کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ شامل ہیں۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی قیادت ڈاکٹر فاروق ستار کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہ احمد سمیت دیگر رہنما موجود ہیں۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان کراچی میں چھ دسمبر ریلی ملتوی کرانے سے متعلق مشاورت جاری ہے۔
پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم سے چھ دسمبر کی ریلی ملتوی کرنے کی استدعا کی ہے اور مذاکرات مکمل ہونے کے بعد فریقین کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے آنے کی توقع ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments