دنیا کی معمر ترین گوریلا کی سالگرہ منائی گئی، تحائف بھی پیش کئے

برلن :(ویب ڈیسک ) دنیا کے معمر ترین مادہ گوریلا ’فاتو‘ کی برلن چڑیا گھر میں 67ویں سالگرہ منائی گئی، شہریوں نے تحائف بھی پیش کئے۔

’فاتو‘ دیوار برلن کی تعمیر سے دو سال قبل برلن کے چڑیا گھر لائی گئی تھی اور وہ آج بھی وہیں اپنے شب و روز گزار رہی ہے، اب برلن چڑیا گھر کی یہ سب سے پرانی رہائشی اپنا یادہ تر وقت تنہائی میں گزارنا پسند کرتی ہے۔

جب’ فاتو‘ پہلی بار 1959ء میں برلن کے چڑیا گھر منتقل ہوئی تو دیوار برلن کی تعمیر میں ابھی دو سال باقی تھے۔ اور پھر جب دیوار برلن کو 1989ء میں گرایا گیا تو فاتو تب بھی وہیں تھی۔

برلن چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق ’فاتو‘ کی 67ویں سالگرہ منائی گئی، ’’فاتو‘‘ دنیا کی سب سے طویل عمر گوریلا ہے، حالانکہ اس کی صحیح عمر اور سالگرہ معلوم نہیں ہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ پہلی بار اس وقت یورپ پہنچی تھی، جب ایک ملاح نے اسے فرانسیسی بندرگاہی شہر مارسیلی کے ایک پب میں کرنسی کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی، اس کے بعد وہ اُس وقت کے مغربی برلن میں جا پہنچی، اس وقت اس کی عمر تقریباً دو سال بتائی گئی تھی۔

’فاتو‘ کو گزشتہ روز اپنی سالگرہ کا پہلا تحفہ ملا، یہ کھانے کی ایک ٹوکری تھی، جس میں درختوں کی ٹہنیاں، پتے، گوبھی سلاد، انگور، کیلے اور تھوڑا سا خربوزہ شامل تھا،

واضح رہے ’فاتو‘ بوڑھے انسانوں کی طرح، وہ بہت زیادہ میٹھے کھانے سے پرہیز کرتی ہے اور تیزی سے ایسے نرم کھانے سے لطف اٹھاتی ہے، جسے وہ دانتوں کے بغیر چبا سکتی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں