امریکا کی شام میں موجود ایرانی ٹھکانوں پر بمباری، 2 کمانڈرز سمیت11 اہلکار ہلاک

واشنگٹن: (ویب ڈیسک)امریکی طیاروں نے شام میں ایرانی ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں 11 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فضائی کارروائی ڈرون حملے میں امریکا کے ایک کنٹریکٹر کی ہلاکت اور 5 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کے جواب میں کی گئی۔

امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا جس میں ایران نواز عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، فضائی حملے میں ایران کے حمایت یافتہ 11 جنگجو مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہیں اور ان کے اسلحہ ڈپو کو بھی تباہ کردیا۔

ایران کے حمایت یافتہ عسکری تنظیم نے امریکی حملے میں دو کمانڈرز کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو جلد ہی جواب دیا جائے گا، اپنے ساتھیوں کے خون کو معاف نہیں کریں گے۔

دوسری جانب ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر امریکی حملے میں کسی ایرانی شہری کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس حوالے سے امریکا کا دعویٰ بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں