سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان دوبارہ لڑائی کا خدشہ بڑھنے لگا

خرطوم: (دنیا نیوز) سوڈان میں فوج اور نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان دوبارہ لڑائی کا خدشہ بڑھنے لگا، سوڈانی فوج نے جدہ میں جنگ بندی مذاکرات میں شرکت معطل کردی ہے۔

سعودی عرب کے شہر جدہ میں مئی کے اوائل میں بات چیت شروع ہوئی تھی، متحارب افواج نے پیر کو ختم ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے کو 5 دن تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان مسلح افواج بریگیڈیئر نبیل عبد اللہ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی پر بات چیت معطل کی گئی ہے۔

دوسری جانب ریپڈ سپورٹ فورسز کا کہنا ہے کہ انسانی امداد کی ترسیل اور جنگ بندی کیلئے مذاکرات جاری رکھیں گے، مسلح افواج ہمارے خلاف دوبارہ فضائی کارروائی کرنا چاہتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں