ورجینیا کے پہاڑی علاقے میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ

واشنگٹن : (دنیانیوز) امریکی ریاست واشنگٹن میں ورجینیا کے پہاڑی علاقے میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ورجینیا میں حادثے کا شکار ہونیوالے طیارے کے ملبے کا پتہ لگا لیا گیا ہے ، حادثے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

اطلاعات کے مطابق 12 افراد کی کی گنجائش والے سیسنا طیارے میں چار افراد سوار تھے۔

ورجینا پولیس کاکہنا ہے کہ ایف 16 لڑاکا طیارے نے واشنگٹن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر طیارے کا تعاقب کیا، فوجی اہلکار نے مسافر طیارے کے پائلٹ کو متنبہ کرنے کیلئے سونک بوم کا استعمال کیا ۔

امریکی میڈیا کے مطابق سونک بوم کی آواز پورے علاقے میں سنی گئی جس کی وجہ سے شہری گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے ۔

واضح رہے کہ سونک بوم اس وقت بنتی ہے جب طیارے آواز سے بھی زیادہ تیز رفتار سےمیں فضا میں سفر کرتے ہیں، سونک بوم ایسی آواز ہوتی ہے جس سے محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی دھماکہ ہوا ہو۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) کا بیان میں کہنا ہے کہ تباہ ہونے والے جہاز نے ریاست ٹینیسی کے ایلزبتھ میونسپل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی جبکہ وہ نیویارک میں میک آرتھر ایئرپورٹ جا رہا تھا۔

ایف اے اے نے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے ہمراہ اس جہاز کی تباہی کے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں