چیئرمین پی ٹی آئی کے معاملے سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں: امریکا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور وائٹ ہاؤس کے باہر پاکستانی شہریوں کے مظاہرے سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔
امریکا کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، اس پر پاکستانی حکومت ہی موقف دے سکتی ہے، پاکستان نے یوکرین کی مدد کی ہے تو اس سے متعلق وہ ہی بتا سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی دفتر خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خالصتان کو آزادی اظہار رائے کا معاملہ سمجھتا ہے، امریکا میں شہریوں کو اظہار رائے کا حق حاصل ہے۔
ویدانت پٹیل نے مزید کہا ہے کہ ہم خالصتان کے ریفرنڈم پر کوئی بات نہیں کریں گے، البتہ جسٹن ٹروڈو کے بھارت پر لگائے گئے الزامات پر گہری تشویش ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات کا آگے بڑھنا بہت ضروری ہے۔