دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملے میں امریکا ملوث نہیں: وائٹ ہاؤس

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے ایران پر واضح کیا گیا ہے کہ امریکا شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر ہوئے حملے میں ملوث نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کرائن جین پیئر نے کہا کہ امریکا نہیں چاہتا ہے کہ یہ تنازع مزید پھیلے، ایران دمشق حملے کو تنازع بڑھانے یا امریکی تنصیبات پر حملے کے بہانے کے طور پر استعمال نہ کرے۔

اس حوالے سے امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں چینی، سعودی اور ترک وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا ہے، ترجمان امریکی محکمہِ خا رجہ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہو گئے تھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کے بعد سے علاقے میں امریکی اور اسرائیلی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں