سعودی عرب میں تیل اور قدرتی گیس کے 7 مزید ذخائر دریافت

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے الشرقیہ ریجن اور ربع الخالی سے تیل اور قدرتی گیس کے مزید 7 نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کے وزیر توانائی نے ایک بیان میں کہا کہ آرامکو نے دو غیر روایتی آئل فیلڈ، عرب لائٹ آئل ریزرو اور دو قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کیے ہیں، الشرقیہ ریجن میں دو غیر روایتی آئل فیلڈز اور ایک ذخیرہ جبکہ ربع الخالی میں قدرتی گیس کی دو فیلڈز اور دو ذخائر ملے ہیں۔

شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا کہ الشرقیہ ریجن میں ’لدام‘ غیر روایتی آئل فیلڈ اس وقت دریافت ہوئی جب لدام 2 کنویں میں 5100 بیرل یومیہ کی شرح سے لائٹ عریبیئن آئل بہہ رہا تھا جس کے ساتھ یومیہ تقریباً 4.9 ملین معیاری مکعب فٹ گیس بھی موجود تھی۔

سعودی وزیر توانائی کے مطابق ’الفروق‘ غیر روایتی آئل فیلڈ اس وقت دریافت ہوئی جب عرب الٹرا لائٹ آئل الفروق 4 کنویں سے روزانہ 4557 بیرل کی شرح سے بہہ رہا تھا جس کے ساتھ یومیہ تقریباً 3.79 ملین معیاری مکعب فٹ گیس بھی موجود تھی۔

شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا الشرقیہ ریجن میں ’مزالیج‘ فیلڈ میں ’عنیزہ بی / سی‘ ریزروائر دریافت کیا گیا تھا جب عرب لائٹ آئل مزالیج -62 کنویں سے یومیہ 1780 بیرل کی شرح سے بہہ رہا تھا جس کے ساتھ تقریباً یومیہ 0.7 ملین معیاری مکعب فٹ گیس تھی۔

الجھق کے کنویں میں ’العرب سی‘ ذخیرے سے روزانہ 5.3 ملین معیاری مکعب فٹ کی شرح سے قدرتی گیس کے بہاؤ کے بعد ربع الخالی میں ’الجھق‘ فیلڈ دریافت ہوئی اور اسی کنویں میں ’العرب ڈی‘ ذخیرے سے 1.1 ملین معیاری مکعب فٹ یومیہ کی شرح سے گیس کا بہاؤ ہوا، الکتوف فیلڈ ربع الخالی میں اس وقت دریافت ہوئی جب قدرتی گیس 7.6 ملین معیاری مکعب فٹ یومیہ کی شرح سے الکتوف 1 کنویں میں بہہ رہی تھی۔

یاد رہے کہ نئے گیس دریافت ہونے کے بعد ’سعودی عرب میں گیس کی پیداوار میں 2030ء تک 63 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا، پیداوار 13.5 بلین کیوبک فٹ یومیہ سے بڑھ کر 21.3 بلین کیوبک فٹ ہو جائے گی، گیس فیلڈ کی کل پیداوار اور گیس پائپ نیٹ ورک میں توسیع سعودی جی ڈی پی میں سالانہ تقریباً 20 بلین ڈالر کا حصہ ہو گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں