بنگلہ دیش میں کشیدہ حالات : کرفیو میں دوپہر کو 2 گھنٹے کی نرمی کی جائے گی

ڈھاکہ : (ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش میں احتجاج میں شدت کے بعد گزشتہ شام 6 بجے سے نافذ کرفیو میں آج مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے نرمی کی جائے گی۔

خبر ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹا سسٹم کے خلاف طلبہ کے احتجاج میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 105 ہوچکی ہے،  ہلاکتوں میں اضافے کے بعد گزشتہ شام 6 بجے سے ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات کر دی گئی جبکہ وزیراعظم حسینہ واجد نے بیرونی دورہ بھی معطل کردیا۔

ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جبکہ ڈھاکا کی سڑکوں پر فوج کا گشت جاری ہے تاہم مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے دو گھنٹوں کے لیے کرفیو میں نرمی کی جائےگی۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملک بھر میں نافذ کرفیو کل صبح مقامی وقت کے مطابق 10 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔

واضح رہے کہ 5 روز سے جاری پُرتشدد مظاہروں میں اموات کی تعداد 105 ہوچکی ہے جبکہ پولیس اور طلبہ کے درمیان کئی روز سے جاری جھڑپوں میں 2500 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں، جن میں 104 پولیس اہلکار اور 30 صحافی بھی شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں