برازیل میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، 62 افراد ہلاک

براسیلیا: (دنیا نیوز) برازیل میں ایک مسافر بردار طیارہ ساؤ پالو کے نواح میں مکانات پر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 62 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونیوالا طیارہ برازیل کی ریاست پارانا کے شہر کاسکاویل سے ساؤ پالو جا رہا تھا جو دنہیڈو شہر کے جنگلات میں گرکر تباہ ہوا، طیارے میں 58 مسافر عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔

برازیل کے صدر لوئی اناشیو لیولا ڈا سِلوا نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ طیارہ حادثے میں بظاہر تمام مسافر ہلاک ہوگئے ہیں، برازیل کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق طیارہ گرنے سے کئی مکانات بھی تباہ ہوئے

فلائٹ راڈار 24 کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق دن کے ڈیڑھ بجے رونما ہوا، ووپاس ایئر لائنز کے مطابق حادثے کا سبب معلوم نہیں ہوسکا، اس طیارے میں آگ لگنے اور گرنے سے متعلق کئی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں