مسجد اقصیٰ کے احاطے میں یہودی عبادت گاہ کا اسرائیلی بیان، سعودی عرب کی مذمت

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے ایک اسرائیلی وزیر کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں یہودی عبادت گاہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی انتہا پسند وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر فلسطینیوں کے خلاف انتہا پسندانہ بیانات دینے سے باز نہیں آرہے، انہوں نے ایک مرتبہ پھر اشتعال انگیز بیان دے ڈالا ہے۔

لاکھوں فلسطینیوں اور عربوں کیلئے اپنے اپنے اشتعال انگیز خیالات میں انہوں نے ایک ریڈیو انٹرویو میں تجویز پیش کی کہ اگر ممکن ہوا تو وہ مسجد اقصی کے کمپاؤنڈ میں ایک یہودی معبد بنائیں گے۔

صہیونی انتہا پسند وزیر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیلی قانون ٹیمپل ماؤنٹ میں مسلمانوں اور یہودیوں کے نماز ادا کرنے کے حقوق کو مساوی قرار دیتا ہے۔

یاد رہے اسرائیلی مسجد اقصیٰ کو ٹیمپل ماؤنٹ کہتے ہیں، یہ بیانات انتہا پسند وزیر اور تقریباً تین ہزار یہودی آباد کاروں کے المسجد الاقصیٰ پر دھاوا بولنے کے صرف دو ہفتے بعد سامنے آئے ہیں۔

اس بیان پر فوری طور پر کڑی تنقید شروع ہوگئی جس کے بعد وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق کی کہ مسجد اقصیٰ کی قانونی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

اسرائیلی وزیر تعلیم نے بین گویر کے خیالات کو احمقانہ اور پاپولسٹ قرار دیا۔

اسرائیلی وزیر داخلہ موشے اربیل نے ایسے بیانات کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے ان بیانات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا

اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی سیکورٹی حکام نے پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ ایسی پالیسی مشرق وسطیٰ میں مذہبی جنگ کو بھڑکا سکتی ہے، اس سے مشرقی القدس اور مغربی کنارے میں سکیورٹی کی صورتحال میں بڑے خرابی پیدا ہو سکتی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں