سمندری طوفان ’یاگی‘ کی ویتنام میں تباہ کاریاں جاری، درجنوں افراد ہلاک

ہنوئی: (دنیا نیوز) طاقت ور سمندری طوفان ”یاگی“ کی شمالی ویتنام میں تباہ کاریاں جاری، سیلاب کی زد میں آکر درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی و لاپتہ ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث عمارتیں گرگئیں، درخت اکھڑ گئے، انفراسٹرکچر کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ، طوفان کے سبب مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

مختلف حادثات میں 750 سے زائد افراد زخمی اور 39 لاپتہ ہیں، زیادہ تر ہلاکتیں مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب سے ہوئیں، شمالی ویتنام میں ایک پل گر گیا جبکہ کئی گاڑیاں بہہ گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفان کے بعد تقریباً 15 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں، متاثرہ علاقوں سے 50ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا جبکہ سکول بند کردئیے گئے۔

دوسری جانب طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں