اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کے زیرزمین ہیڈ کوارٹرز دریافت کرنے کا اعلان

یروشلم : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں 800 میٹر تک پھیلے ایک زیرزمین کمپلیکس کو دریافت کرلیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سرنگ میں موجود اس ہیڈ کوارٹرز کو حزب اللہ کا رضوان یونٹ کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کے طور پر استعمال کرتا تھا، فوج کے مطابق دریافت شدہ ہیڈ کوارٹر رہائشی محلے کے قلب میں واقع ہے اور اس میں جدید جنگی ذرائع اور دہشت گردی کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے ، اسے مستقبل کی کارروائیوں میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے ۔

فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے ایک ویڈیو کلپ میں بتایا کہ وہ اس ویڈیو کلپ کو اس جگہ سے فلما رہے ہیں جہاں براہ راست جھڑپوں کے دوران 8ویں بریگیڈ کی فورسز متعدد عسکریت پسندوں کو ختم کرنے اور ہتھیاروں اور جنگی ذرائع کو دریافت کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں ۔

یہاں سے ہیلی کاپٹروں اور راکٹ سے چلنے والے دستی بم بھی ملے ، موٹر سائیکلوں اور طویل عرصے تک رہائش کے لیے ضروری سامان بھی موجود تھا، باورچی خانہ اور مخصوص رہائشی کمرے بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے شواہد ملے ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ سامان اس منصوبے کا حصہ تھا جس میں ’’ الجلیل‘‘ پر قبضہ کرنے کی تجویز تھی۔

اس ہیڈ کوارٹر پر حملے کے دوران فورسز نے کمپاؤنڈ میں چھپے ہوئے ایک جنگجو کے ساتھ جھڑپ شروع کردی، فورسز نے فضائیہ کے ایک طیارے کو طلب کیا اور ایک کامیاب حملہ کیا گیا جس میں جنگجو بھی مارا گیا۔

ڈینیل ہگاری کاکہنا تھا کہ اس آپریشن کو حزب اللہ کے دہشت گردانہ ڈھانچے کے لیے ایک تکلیف دہ دھچکا سمجھا جاتا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں