'لفتھانزا' ایئرلائن کی تل ابیب کیلئے پروازوں کی معطلی میں مزید 15 دسمبر تک توسیع
برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی سے تعلق رکھنے والی فضائی کمپنی 'لفتھانزا' نے تل ابیب کیلئے پروازوں کی معطل میں مزید 15 دسمبر تک توسیع کردی۔
جرمنی سے تعلق رکھنے والی فضائی کمپنی لفتھانزا نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے لئے اس کی پروازوں کی معطلی کی تاریخ میں توسیع کر کے 15 دسمبر تک کی جا رہی ہے، لفتھانزا نے یہ اعلان گزشتہ روز کیا ہے اور اس کی وجہ غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی اسرائیلی جنگ کے جاری رہنے کو بتایا گیا ہے۔
لفتھانزا کے گروپ کے اندر کام کرنے والی دیگر تمام فضائی کمپنیاں بھی اسرائیل کے لئے اپنی پروازوں کی معطلی میں توسیع کر رہی ہیں اور ان کی یہ توسیع لفتھانزا کی طرح 15 دسمبر تک جاری رہے گی، تاہم بعد ازاں اس بارے میں نئے حالات کا جائزہ لے کر نیا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے لفتھانزا نے یہ توسیع 25 نومبر کو پہلے سے اعلان کردہ معطلی کے خاتمے سے بھی پہلے کر دی ہے لفتھانزا کے ساتھ منسلک ایئرلائنز میں آسٹرین ایئر لائنز، سوس اور یورو ونگز شامل ہیں۔