اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا
جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے نکلنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے قرارداد منظور کرلی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل اسمبلی نے 8 کے مقابلے میں 157 ووٹوں سے قرارداد منظورکی ہے، امریکا اور اسرائیل نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ 7 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے حق کو بھی تسلیم کیا جبکہ مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور غزہ پٹی پر اسرائیلی قبضے کو ناجائز قرار دیا۔
جنرل اسمبلی اجلاس میں عالمی قوانین کے تحت مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ 1967 کی سرحدی تقسیم کے مطابق دو ریاستی حل کا مطلب ہے کہ دونوں ریاستیں ایک دوسرے کے ساتھ امن و امان کے ساتھ رہیں۔
اجلاس کے دوران جون 2025 میں نیویارک میں فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں سفارتی کوششوں کے ذریعے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
دوسری جانب سعودی عرب نے واضح کیا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔