اقوام متحدہ نے اسرائیل کے صنعاء پر حملے قابل مذمت، حوثیوں کیساتھ بڑھتی کشیدگی تشویشناک قرار دیدی
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے یمنی شہر صنعاء پر حملے قابل مذمت اور حوثیوں کے ساتھ بڑھتی کشیدگی تشویش ناک ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا اسرائیل اور یمنی حوثیوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی بالخصوص صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے، بحیرہ احمر کی بندرگاہوں اور یمنی پاور سٹیشنز پر اسرائیلی فضائی حملے تشویشناک ہیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کو اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعاء کے ہوائی اڈے، مغربی ساحلی پٹی پر تین بندرگاہوں کے ساتھ حوثی گروپ کے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا تھا، ان حملوں کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو ئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو اسرائیل کے صنعاء ایئرپورٹ پر حملوں کے دوران عالمی ادارہ صحت ( ڈوبلیو ایچ او ) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس وہاں موجود تھے تاہم وہ بال بال بچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ پر حملے میں انفراسٹرکچر کو بہت نقصان ہوا لیکن وہ محفوظ رہے، ایکس پر اپنی پوسٹ میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے لکھا تھا کہ ہمارے جہاز کے عملے کا ایک فرد زخمی ہوا۔