نیو یارک، پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں دو اہم قراردادیں منظور

نیو یارک: (ویب ڈیسک) پاکستانی امریکی کمیونٹی کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں نیو یارک کی ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی جانب سے دو اہم قراردادیں منظور کر لی گئیں۔
مذکورہ قراردادیں امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ اور اس کے صدر علی راشد کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جن میں پاکستانی قونصلیٹ نیو یارک کی مسلسل معاونت شامل رہی۔
پہلی قرارداد کو جسے رکن اسمبلی رکن نادر سیج کی جانب سے اسمبلی اور سینیٹر جان لیو کی جانب سے ریاستی مقننہ کی سینیٹ میں پیش کیا گیا، دونوں ایوانوں نے متفقہ طور پر منظور کیا، اس قرارداد میں پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے اور نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی گرانقدر خدمات کو تسلیم کیا گیا۔
قرارداد میں تعلیم، طب، سائنس، ٹیکنالوجی، کاروبار اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔
دوسری قرارداد جس میں 19 مارچ 2025 کو بطور پاکستان امریکن بزنس ڈے کے طور پر منانے کی منظور دی گئی ہے کو بھی رکن اسمبلی نادر سیج نے ریاستی اسمبلی اور سینیٹر جان لیو نے سینیٹ میں پیش کیا۔
متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں اہم اقتصادی اور ترقیاتی اثرات کے ساتھ ساتھ ریاست نیو یارک میں پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور کاروباری شخصیات کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
قرارداد میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے، ملازمتیں پیدا کرنے، مختلف رہائشی علاقوں کو آباد اور پررونق بنانے اور نیویارک کے ثقافتی اور سماجی تانے بانے کو بڑھانے میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔