ایران کے اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے، حیفہ ریفائنری بند، 3 ملازم ہلاک

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا ہائبرڈ حملہ کر دیا، میزائل اورڈرونز برسا دئیے، تل ابیب اور حیفہ میں سائرن گونج اٹھے، جس کے باعث حیفہ ریفائنری بند کر دی گئی، حملے کے باعث 3 ملازم ہلاک ہوگئے۔
اسرائیل نے اپنے شہریوں کومحفوظ پناہ گاہوں کے قریب جانے کی ہدایت کردی، ایرانی حملوں میں اب تک ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 24 ہوگئی، 400 سے زائد زخمی ہوگئے۔
امریکی سفارتخانے کے قریب میزائل حملہ کیا گیا، عمارت کو معمولی نقصان پہنچا، اہلکار محفوظ رہے، اسرائیل نے اپنے تمام ایئرپورٹس اور فضائی حدود بند رکھنے کا اعلان کردیا، ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ آج کی رات کو اسرائیل کے لئے دن بنا دیں گے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران نے چوتھی بار اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب اور حیفہ شہر پر بیلسٹک میزائل و ڈرون داغے، جس کے بعد اسرائیل میں سائرن بج اٹھے ہیں، حیفہ کے رمات ڈیوٹایئربیس کو نشانہ بنایا گیا جبکہ اسرائیل نے بھی تہران پر تازہ حملہ کیا۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے کہا کہ آپریشن وعدہ صادق سوم کی یہ 9 ویں لہر ہے جو صبح تک جاری رہے گی، ہم دشمن کو ایک لمحہ کے لئے بھی امن میسر نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تہران کے عوام اور ایران نے تل ابیب کے شہریوں کو فوری طور انخلا کی ہدایت کرتے ہوئے بڑے حملوں کا اعلان کیا تھا۔
ایران کی اسرائیل پر میزائلوں کی بارش، دفاعی نظام ناکام، شہر شہر دھماکے، بجلی بند
ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کر دیا، 100 کے قریب بیلسٹک میزائل داغ دیے، وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی، حیفہ اندھیرے میں ڈوب گیا، تازہ حملے میں کم از کم 8اسرائیلی ہلاک اور 67 زخمی ہو گئے جبکہ اب تک 25 اسرائیلی ہلاک اور 450 زخمی ہو چکے ہیں، اسی طرح ایران کے 224 شہری شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کا ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہ ہونے کا اعتراف
اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے اعتراف کیا ہے کہ ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہیں ہوئے، موجودہ جنگ سے ایرانی خطرہ ختم نہیں ہو سکتا، ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہزاروں میزائل اسرائیل پر داغنا چاہتا ہے، ٹرمپ ہی ایران کو جوہری پروگرام ترک کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔
ایرانی میزائلوں سے تل ابیب میں امریکی سفارتخانہ متاثر
امریکی نمائندہ مائیک ہکبی نے بتایا ہے کہ تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کی ایک شاخ کو ایرانی میزائلوں کے قریبی دھماکوں کے باعث معمولی نقصان پہنچا ہے اگرچہ میزائل سفارتخانے کی عمارت سے براہ راست نہیں ٹکرائے تاہم دھماکوں سے پیدا دھچکوں سے سفارتخانہ متاثر ہوا ہے۔
مائیک ہکبی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس واقعے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور فی الحال یروشلم اور تل ابیب میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے عارضی طور پر بند رکھے گئے ہیں۔
شہریوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقلی کی ہدایات
اسرائیل اور ایران کی حکومتوں نے اپنے اپنے شہریوں کے لیے نئی احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہو جائیں، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ لڑائی میں مزید تیزی آئے گی، رات بھر اسرائیل اور ایران ایک دوسرے پر حملے کرتے رہے جس میں نقصانات کی متضاد اطلاعات آ رہی ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع نے پھر دھمکی دی ہے کہ تہران میں رہنے والے جلد قیمت چکائیں گے جبکہ ایران نے اسرائیلی قابض افواج و آباد کاروں کو پیغام دیا ہے کہ وہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے نکل جائیں۔
ایرانی میزائل اسرائیلی کے دفاعی نظام سے بچتے ہوئے شہروں کے اندر تک گئے اور کئی عمارتوں سے ٹکرائے، اسرائیل کے متعدد شہر دھماکوں سے گونج اٹھے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی میزائل گرے، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھا، حیفہ پاور پلانٹ میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، ایران نے ایلات پر بھی میزائل داغے، تل ابیب میں بھی درجنوں میزائل داغے گئے۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق شمالی اور وسطی اسرائیل میں میزائل اور ان کے ٹکڑے گرنے سے کم از کم 67 افراد زخمی ہو گئے۔
ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، اسرائیلی آبادکار مقبوضہ علاقے فوری خالی کردیں۔
اسرائیل نے ایران پر تازہ حملے کئے جس کے بعد ایران نے بھی بھرپور جوابی وار کئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ وسطی ایران میں میزائل سائٹس پر حملے کررہے ہیں، ایران نے بھی بھر پور جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل کے متعدد مقامات پر تازہ حملے کئے، حیفہ میں ایرانی میزائل حملے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
اسرائیل نے ایرانی وزارت داخلہ اور تہران کے اہم اضلاع پر میزائل حملے کئے ، دو بڑے اسرائیلی پروجیکٹائل نے تہران کے وسطی علاقے کو نشانہ بنایا، جس سے مین واٹر پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا۔
ایران کے حملوں سے تل ابیب میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جس میں 15افراد زخمی ہوگئے، ایران نے اسرائیل کے بن گورین ایئر پورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے، ایک میزائل نے وزیراعظم نیتن یاہو کے آبائی گھر کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیلی حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی صورتحال میں 30 جون تک توسیع کر دی، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تل ابیب میں تباہ حال علاقوں کا دورہ کیا۔
اسرائیل کا ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر حملہ، کئی شہری زخمی
ایران نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر جان بوجھ کر حملہ کیا ہے جس میں کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
ایران نے کہا ہے کہ اس نے تہران میں واقع وزارتِ خارجہ کی ایک عمارت کو جان بوجھ کر اور سفاکانہ انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی عام شہری زخمی ہو گئے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک حملے کی ویڈیوجاری کی اور ساتھ لکھا کہ صہیونی حکومت نے ایران کی وزارت خارجہ کی ایک عمارت پر ایک منصوبہ بند اور سفاکانہ حملہ کیا ہے جو انسٹیٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے بالکل سامنے واقع ہے۔