آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کا منصوبہ، امریکا و برطانیہ کا مزید پیشرفت پر اتفاق

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے منصوبے کے اگلے مرحلے پر پیشرفت پر اتفاق کیا ہے۔

ڈاؤننگ سٹریٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ اس وقت اس راستے کو کھولنے اور اس حوالے سے حتمی حل تک پہنچنے کے اگلے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ کیئر سٹارمر اس وقت قطر پہنچے ہیں، جہاں سے ان کی امریکی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، سٹارمر نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ خطے کے شراکت داروں کو ایک قابل عمل منصوبے پر متفق کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ بحری گزرگاہ کو دوبارہ کھولا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ بندی کے نفاذ اور آبنائے ہرمز کے کھلنے کے بعد اب اصل توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ بحری آمدورفت کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔

آخر میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اس ضرورت پر بھی زور دیا کہ ایک عملی منصوبہ بنایا جائے تاکہ عالمی سطح پر شپنگ کی روانی کو فوری طور پر بحال کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں