معروف روحانی و مذہبی شخصیت پیر سید فرید الحق گیلانی انتقال کرگئے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گولڑہ شریف کی معروف روحانی و مذہبی شخصیت، سجادہ نشین درگاہ غوثیہ گولڑہ شریف پیر سید معین الحق گیلانی کے بڑے صاحبزادے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی عقیدت مندوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
ترجمان کے مطابق پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر گولڑہ شریف میں ادا کی جائے گی، جس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔
مرحوم اپنی صوفیانہ تعلیمات، روحانی خدمات اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے باعث خاص مقام رکھتے تھے، انہوں نے نہ صرف درگاہ کے امور کو سنبھالا بلکہ لوگوں کی روحانی رہنمائی میں بھی اہم کردار ادا کیا، ان کی شخصیت سادگی، محبت اور رواداری کی علامت سمجھی جاتی تھی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی صوفیانہ تعلیمات رہتی دنیا تک لوگوں کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔