جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی خبریں غلط ہیں: کیرولین لیویٹ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے کہا کہ مذاکرات کا اگلا دورممکنہ طور پر اسلام آباد میں ہوگا، جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی خبریں غلط ہیں۔

نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ نیتجہ خیز بات چیت جاری ہے، امکان ہے جہاں پہلے مذاکرات ہوئے وہیں پر ہوں، امریکا نے سیزفائر میں توسیع کی درخواست نہیں کی۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ایران سے مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث ہے، پاکستانی مذاکرات میں غیرمعمولی ثالث ثابت ہوئے ہیں، جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔

کیرولین لیویٹ نے کہا کہ چینی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب میں بتایا ایران کو اسلحہ نہیں دے رہے، آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ایرانی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے جہازوں کی مکمل ناکہ بندی ہے، ایرانی معیشت کو فائدہ نہ پہنچانے والے جہازوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں