آبنائے ہرمز ایک بار پھر امریکا و ایران کے درمیان رابطے کا واحد ذریعہ بن گئی، الجزیرہ
دوحہ: (دنیا نیوز) الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے حالات میں بڑھتے تناؤ کے درمیان آبنائے ہرمز ایک بار پھر امریکا و ایران کے درمیان رابطے کا واحد ذریعہ بن گئی ہے۔
ایران پیچیدہ صورتحال سے نمٹ رہا ہے، ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کیا تو امریکا نے ناکہ بندی کا جواب دیتے ہوئے اپنی طرف سے بھی رکاوٹیں کھڑی کر دیں، بعد ازاں جنگ بندی ہوئی تو طے پایا ایران آبنائے ہرمز کو کھولے گا اور امریکی ناکہ بندی ختم کی جائے گی۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق ایران نے گزشتہ روز آبنائے کھول دی اور اسے لبنان میں جنگ بندی سے بھی جوڑ دیا تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات پر اصرار کیا کہ جب تک ایران کسی معاہدے پر رضامند نہیں ہوتا یا اسے قبول نہیں کرتا ناکہ بندی جاری رہے گی۔
ایران کیلئے یہ ایک اہم موڑ ثابت ہوا کیونکہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کا فیصلہ نہ تو سیاسی حلقوں میں مقبول تھا اور نہ ہی عوام میں، لگتا ہے کہ صورتحال اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک امریکا ایرانی بندرگاہوں پر عائد ناکہ بندی ختم نہیں کرتا۔
یہ واضح ہے کہ ایران ایک ایسی کیفیت میں ہے جہاں اسے یقین نہیں کہ مذاکرات کی میز پر کیا پیش کیا جا رہا ہے، اگرچہ یہ رابطہ منفی نوعیت کا ہے تاہم یہی وہ جگہ ہے جہاں ایران امریکا کو پیغامات دے رہا ہے اور اپنے اثر و رسوخ کا اظہار کر رہا ہے۔