ایران سے مقابلہ ابھی ختم نہیں ہوا، نئی پیش رفت ہو سکتی ہے: نیتن یاہو
تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مقابلہ ابھی ختم نہیں ہوا، کسی بھی لمحے نئی پیش رفت ہو سکتی ہے۔
نیتن یاہو نے مقبوضہ بیت المقدس میں ارجنٹائن کے صدر حاوییر ملی سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم ایران کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہیں، معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا اور کسی بھی وقت کوئی نئی پیش رفت ہو سکتی ہے۔
یہ اسرائیلی بیانات ایک ایسے وقت میں آئے ہیں جب امریکی صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس مذاکرات کے اگلے دور میں پاکستان میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے تاکہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے بارے میں بات چیت کی جا سکے۔
ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ بدھ کو جنگ بندی کی مدت ختم ہونے سے پہلے ایران کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے اسلام آباد مذاکرات کار بھیج رہے ہیں تاہم امریکی صدر نے تہران پر آبنائے ہرمز میں موجودہ جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔
ٹرمپ دھمکی بھی دی کہ اگر جنگ کے حتمی خاتمے کا معاہدہ نہ ہوا تو امریکہ ایران کا ہر پاور سٹیشن اور ہر پل تباہ کر دے گا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں واشنگٹن کے نمائندے مائیک والٹز نے بتایا کہ ان کا خیال ہے مذاکرات کا نیا دور انتہائی اہم نتیجے پر ختم ہوگا، یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان فریقین کو کسی سمجھوتے یا معاہدے پر آمادہ کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اس جنگ کا خاتمہ ہو سکے۔
یہ جنگ 28 فروری کو شروع ہوئی تھی اور پھر 8 اپریل کی صبح سے دو ہفتوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے، چند روز قبل آرمی چیف سید عاصم منیر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد نے تہران کا دورہ کیا تھا۔
بتایا گیا کہ ٹرمپ نے عاصم منیر کے ساتھ آبنائے ہرمز کی صورتحال اور ایرانی فریق کے ساتھ معاہدے کی تفصیلات پر ہفتے کی شام ایک فون کال میں تبادلہ خیال کیا، اس رابطے میں نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ بھی موجود تھے۔