اقوام متحدہ کا جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم، پاکستانی کوششوں کی مکمل حمایت
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
سیکرٹری جنرل یو این نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، امید ہے کہ مذاکرات جامع اور دیر پا حل کی راہ ہموار کریں گے، یہ کشیدگی میں کمی کی جانب اہم قدم ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان سفارتکاری کیلئے موقع پیدا ہو گیا، انہوں نے فریقین سے جنگ بندی کا احترام کرنے اور اشتعال انگیزی سے گریز کی اپیل کی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق یہ کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور ایران اور امریکا کے درمیان سفارتکاری اور اعتماد سازی کے لئے اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
سیکرٹری جنرل کے دفتر نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اس پیش رفت کو آگے بڑھائیں، جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں اور مذاکرات میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ گوتریس پاکستان کے کردار کی بھی حمایت کرتے ہیں جس نے مذاکرات میں سہولت کاری کی ہے، امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی یہ کوششیں ایک جامع اور پائیدار حل کے لیے حالات سازگار بنانے میں مدد دیں گی۔