اسرائیل فوج نے تعاقب کرکے لبنانی صحافی امل خلیل کو شہید، زینب فرج کو زخمی کردیا
بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج نے لبنان میں تعاقب کرکے صحافی امل خلیل کو شہید اور زینب فرج کو زخمی کردیا۔
لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنانی صحافیوں کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا، صحافی زینب فرج اور امل خلیل جنوبی قصبے الطیری میں پہلے حملے کے بعد ایک گھر میں پناہ لئے ہوئے تھے جہاں اسرائیلی فورسز نے انہیں نشانہ بنایا۔
لبنانی ریڈ کراس زخمیوں کو منتقل کرنے کے لئے موقع پر پہنچی تو اسرائیلی فوج نے امدادی کارروائی میں رکاوٹ ڈالی، ایمبولینس پر اسٹن گرنیڈ پھینکا اور اس پر فائرنگ بھی کی، زخمی زینب فرج اور پہلے حملے میں جاں بحق ہونے والے دو افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
امدادی ٹیمیں شدید فائرنگ کے باعث کافی دیر تک امل خلیل تک نہیں پہنچ سکیں، بعد ازاں لبنانی فوجیوں نے امل خلیل کی لاش ملبے کے نیچے سے برآمد کرلی۔
لبنانی حکام نے ان کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ناقابل قبول اور غیر انسانی جارحیت قرار دیا ہے۔