چین کا یورپی یونین سے کمپنیوں اور افراد کو پابندیوں کی فہرست سے خارج کرنے کا مطالبہ
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے یورپی یونین کی پابندیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنی کمپنیوں کو فہرست سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے روس کے خلاف پابندیوں کے 20 ویں دور میں چینی کمپنیوں کو شامل کئے جانے پر چین کی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک اس اقدام پر سخت عدم اطمینان اور بھرپور مخالفت کرتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترجمان نے کہا کہ چین متعدد بار واضح کر چکا ہے کہ وہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر عائد کی جانے والی یکطرفہ پابندیوں کا سختی سے مخالف اور یورپی یونین کے چینی اداروں اور افراد کے خلاف بے جا دائرہ اختیار کے اطلاق کو بھی مسترد کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین کا یہ اقدام چین اور یورپ کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاقِ رائے کے منافی ہے اور اس سے دوطرفہ اعتماد اور مجموعی تعلقات کو شدید نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر چینی کمپنیوں اور افراد کو پابندیوں کی فہرست سے خارج کرے، دونوں جانب کے رہنماؤں کے اتفاقِ رائے کا احترام کرے اور بات چیت و مشاورت کے ذریعے اختلافات کو حل کرے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ چین اپنے کاروباری اداروں کے جائز اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرے گا اور اس کے تمام نتائج کی ذمہ داری یورپی فریق پر عائد ہوگی۔