خلیجی ریاستیں ایران جنگ کے خاتمے، آبنائے ہرمز کھولنے کی تجویز سے ہم آہنگ
ابوظہبی: (دنیا نیوز) خلیجی ریاستیں ایران جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کھولنے کی تجویز سے ہم آہنگ نظر آ رہی ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک ممکنہ طور پر تہران کی جانب سے پیش کردہ امن تجویز کا خیرمقدم کریں گے جس میں نئی جوہری ڈیل کے بغیر جنگ کے خاتمے کی بات کی گئی ہے۔
گلف انٹرنیشنل فورم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر دانیا تھافر نے کہا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہو سکتی ہے، امریکا کی جانب سے ایران کے جوہری عزائم کے خاتمے کا مطالبہ خلیجی بادشاہتوں کی ترجیحات میں سرفہرست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ان کی ترجیحات کی ترتیب امریکا سے مختلف ہے، یہ ایران کی اس تجویز سے مطابقت رکھتی ہے جس میں مذاکرات کے آغاز میں آبنائے ہرمز کو کھولنے پر زور دیا گیا ہے۔
دانیا تھافر نے کہا کہ خلیجی ممالک کے لئے توانائی کی ترسیل اور سمندری راستوں کی بحالی فوری اہمیت رکھتی ہے جس کے باعث وہ ایران کی اس تجویز کو مثبت انداز میں دیکھ سکتے ہیں۔