اقوام متحدہ میں کانفرنس: امریکا اور ایران کے درمیان تندو تیز جملوں کا تبادلہ

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی جوہری ہتھیاروں سے متعلق کانفرنس میں امریکا اور ایران کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے جائزہ اجلاس کے آغاز پر امریکا اور ایران کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام پر سخت اختلافات سامنے آئے، امکان ہے کہ یہ تنازع چار ہفتوں پر محیط اجلاس کے دوران جاری رہے گا۔

تنازع کی بنیادی وجہ کانفرنس کے 34 نائب صدور میں ایران کا انتخاب ہے، ایران کو یہ نامزدگی غیر وابستہ تحریک کی جانب سے دی گئی تھی جس میں زیادہ تر ترقی پذیر ممالک پر مشتمل 121 ممالک شامل ہیں۔

امریکا کو اس معاملے میں آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات کی حمایت حاصل تھی جبکہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کیا، روس نے ایران کو نشانہ بنانے کی مخالفت کی۔

امریکی نمائندے نے کہا ٹرمپ انتظامیہ حیرت کا اظہار کرتی ہے کہ ایسا ملک جو اس معاہدے کے لئے بے اعتنائی ظاہر کرتا رہا ہے اب کانفرنس کا نائب صدر بنا دیا گیا ہے۔

ویانا میں اقوام متحدہ کے لئے ایران کے سفیر رضا نجفی نے امریکی بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ان الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں