پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر حیدرآباد کنگزمین فائنل میں پہنچ گئی
لاہور: (دنیا نیوز) حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو دو رنز سے ہرا کر پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے عثمان خان نے 61 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، کپتان مارنوس لبوشانے 40 اور صائم ایوب 38 اور کوشال پریرا 37 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کنگزمین کے گلین میکسویل 3 اور معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ رچرڈ گلیسن، کرس گرین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے تگڑے حریف حیدرآباد کے 186 رنز کے جواب میں شاندار بیٹنگ کی تاہم وہ 20 اوورز کے اختتام پر 7 وکٹوں پر 184 رنز بناسکی۔