جنسی تشدد ثابت، اقوام متحدہ نے اسرائیلی فورسز کو بلیک لسٹ میں شامل کرلیا
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے اسرائیلی فورسز کو مسلح تنازعات والے علاقوں میں جنسی تشدد سے متعلق بلیک لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔
اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے خواتین رییم السالم نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس فہرست میں کافی تاخیر سے شامل کیا گیا، یہ اقدام اس لیے ضروری تھا کیونکہ فلسطینی خواتین، مردوں اور بچوں کے ساتھ منظم جنسی تشدد کی آزادانہ تحقیقات کے بعد تصدیق ہو چکی ہے۔
اقوام متحدہ کے اقدام کے بعد اسرائیل نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کر دیا، اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے اقوام متحدہ کی آنے والی رپورٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
مسلح تنازعات والے علاقوں میں جنسی تشدد سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ عام طور پر متعلقہ ممالک کو اشاعت سے قبل دکھائی جاتی ہے۔
گزشتہ سال اگست میں جاری رپورٹ میں یہ انتباہ دیا گیا تھا کہ اسرائیل کو ان فریقین کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے جن پر مسلح تنازعات میں جنسی تشدد کے الزامات یا ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔