امریکی سینیٹ میں مارکو روبیو سے سخت سوالات، ایران جنگ کی پالیسی پر شدید تنقید
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینیٹ میں وزیر خارجہ مارکو روبیو سے سخت سوالات کیے گئے ہیں جبکہ ایران جنگ پر ٹرمپ پالیسی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سینیٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران امریکی سینیٹرز نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کے سامنے ایران جنگ سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کی، ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وین ہولن نے کہا سچ یہ ہے کہ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی مکمل تباہی بن چکی ہے، انہوں نے ایران جنگ کو غیر دانشمندانہ اور خطرناک قرار دیا۔
ڈیموکریٹ سینیٹر کورے بکر نے بھی جنگ کے سخت ناقدین میں شامل ہوتے ہوئے کہا ایرانی فریق صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے طریقے تلاش کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی بندش سے معاشی بحران کو بطور دباؤ استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین اور وہ فریق جو خطے میں تباہی پھیلا رہے ہیں انہوں نے آپ کی پالیسیوں کی وجہ سے آبنائے ہرمز بند کرنے کی طاقت کو سمجھ لیا ہے، یہ غیر دانشمندانہ جنگ کبھی شروع ہی نہیں ہونی چاہیے تھی۔
سینیٹرز نے مجموعی طور پر انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ اس کی پالیسیوں نے نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھائی ہے بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں کو بھی غیر مستحکم کر دیا ہے۔