دبئی: منی بس اور ٹرک میں تصادم، 7 افراد جاں بحق، 9 زخمی
دبئی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایمریٹس روڈ پر منی بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ٹرک تکنیکی خرابی کے باعث اچانک سڑک کے درمیان رک گیا تھا، اس دوران منی بس کے ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور محفوظ فاصلہ برقرار نہ رکھنے کے باعث بس ٹرک سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔