آبنائے ہرمز سے باب المندب تک نیا سکیورٹی حصار تشکیل پا رہا: ایرانی القدس فورس

تہران: (دنیا نیوز) ایران کی القدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے باب المندب تک نیا سکیورٹی حصار تشکیل پا رہا ہے۔

ایران کی القدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مزید جارحانہ اقدامات کی صورت میں پورا مزاحمتی اتحاد مشترکہ ردعمل دے گا۔

اسماعیل قانی نے خطے میں ایران کے اتحادی گروہوں کے درمیان ہم آہنگی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے جس کا مظاہرہ حالیہ دنوں میں یمن کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے بھی ہوا ہے، بہادر یمن کی بروقت اور مؤثر کارروائی مزاحمتی محاذ کی دانشمندی اور بصیرت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت پیش آئی تو دیگر قوتیں بھی اس میں شامل ہوں گی، القدس فورس کے سربراہ نے کہا اسرائیل اور امریکا کے اقدامات نے پورے خطے کو وسیع تر تصادم کی جانب دھکیل دیا ہے۔

القدس فورس کے سربراہ نے کہا کہ دونوں کو خطے میں کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا متحدہ مزاحمتی محاذ بھرپور جواب دے گا، مزاحمتی اتحاد سے وابستہ جنگجو خلیج اور بحیرہ احمر کو ملانے والی اہم سمندری گزرگاہوں کے قریب موجود ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرحدوں سے ماورا لڑنے والے مجاہدین آپ کی اہم بحری گزرگاہوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اگر آپ اپنی جارحیت جاری رکھتے ہیں تو وہ آپ کو گلے سے پکڑ لیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں