ناکہ بندی کی خلاف ورزی: ایران جانے والے آئل ٹینکر کو ناکارہ بنا دیا: امریکی فوج
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی فواج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق امریکی فوج نے بحیرہ عمان میں امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی بندرگاہ کی طرف جانے والے خالی آئل ٹینکر کو ناکارہ بنادیا۔
سینٹ کام کے مطابق پلاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکر ایم ٹی میری ویکس کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بین الاقوامی پانیوں میں ایران کی جانب گامزن تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی ایئرکرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن سے اڑان بھرنے والے ایف اے 18 سپر ہارنیٹ طیارے نے جہاز کے انجن اور سٹیئرنگ سسٹم کو نشانہ بنایا۔
سینٹ کام کے مطابق اس کارروائی کے بعد میری ویکس اب ایران کی جانب سفر نہیں کر رہا۔
سینٹ کام نے مزید بتایا کہ 13 اپریل کو ناکہ بندی کے آغاز سے اب تک 7 جہازوں کو ناکارہ بنایا جاچکا ہے جبکہ 134 جہازوں کا رخ موڑا گیا اور 42 انسانی امداد لے جانے والے جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی۔