لبنانی صدر کا ایران پر لبنان کو مذاکراتی مہرہ بنانے کا الزام
بیروت: (دنیا نیوز) لبنان کے صدر جوزف عون نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے ملک کو امریکا کے ساتھ امن مذاکرات میں بطور سودے بازی کے ایک مہرے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں جوزف عون نے ایران کے پاسداران انقلاب کا حوالہ دیا جو حزب اللہ کے اہم حامی ہیں اور کہا یہ آپ کا ملک نہیں ہے، یہ ہمارا ملک ہے، انھوں نے کہا ایران لبنان کو امریکا کے ساتھ اپنی مذاکراتی عمل میں ایک سودے بازی کے مہرے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
جوزف عون نے کہا کہ آپ ہماری مدد کرنے کی کوشش نہیں کر رہے، لبنان کے عوام آپ کے مفادات کی قیمت ادا کر رہے ہیں، اپنے ملک کو تنازع سے بچانے کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا کریں گے اور وہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے لئے پرعزم ہیں۔
لبنانی صدر نے اسرائیل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو آپ کبھی امن، تحفظ اور سلامتی میں نہیں رہ سکیں گے، انہوں نے حزب اللہ کو ختم کرنے کے حوالے سے اسرائیلی فوجی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان سے صرف اسی صورت میں نمٹا جا سکتا ہے جب اسرائیل وہاں ے نکل کر لبنانی حکومت کو موقع دے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل پورے ملک پر حملہ کرکے اسے تباہ کرسکتا ہے لیکن اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا۔