اسرائیلی فوج کی جنین میں مستقل فوجی اڈا قائم کرنے کی تیاریاں
تل ابیب: (دنیا نیوز) مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج مستقل فوجی اڈہ قائم کر رہی ہے جو گزشتہ 30 برسوں میں پہلا اقدام ہوگا۔
اسرائیلی اخبار ہاریٹز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1993ء کے اوسلو معاہدے کے بعد یہ پہلی بار ہوگا کہ اسرائیلی فوج ایسے علاقے میں مستقل چوکی یا اڈا قائم کرے گی جو فلسطینی اتھارٹی کے مکمل سول اور سکیورٹی کنٹرول میں شمار کیا جاتا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مجوزہ فوجی اڈے کا مقصد جنین پناہ گزین کیمپ میں مقامی رہائشیوں کے گھروں میں فوجی دستوں کی موجودگی کا متبادل فراہم کرنا اور علاقے میں طویل المدتی بنیادوں پر فوجی تعیناتی کو منظم کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے نئے فوجی اڈے کا مقصد علاقے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، جنین پناہ گزین کیمپ اقوام متحدہ نے 1953 میں قائم کیا تھا۔
2025ء کے آغاز میں اسرائیلی افواج نے جنین میں وسیع پیمانے پر فوجی کارروائیاں شروع کیں جن کے دوران بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور تقریباً 2,000 فلسطینی خاندان اپنے گھروں سے بے دخل ہونے پر مجبور ہوئے۔