شہید بینظیر آباد میں تاریخ کا گرم ترین دن، 15 سال پرانا ریکارڈ برابر
کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق شہید بینظیر آباد میں تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ ہوا، شدید ترین گرمی سے درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہید بینظیر آباد نے اپنا ہی سب سے زیادہ درجہ حرارت کا پچھلا ریکارڈ برابر کر دیا، 8 جون 2011 کے بعد آج 11 جون 2026 کو دوبارہ پارہ 51 ڈگری کو چھو گیا۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں گرمی اپنے عروج پر پہنچ گئی، متعدد شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، دادو اور شہید بینظیر آباد 51 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سندھ کے گرم ترین علاقے رہے۔
موئن جو دڑو میں بھی شدید ترین گرمی کا راج رہا، درجہ حرارت 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لاڑکانہ، جیکب آباد اور سکرنڈ میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر میں درجہ حرارت 48، روہڑی میں 48.5 اور پادیدن میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، حیدرآباد سٹی میں گرمی کی شدت برقرار، درجہ حرارت 47 ڈگری جبکہ حیدرآباد ائیرپورٹ پر 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
رپورٹ کے مطابق خیرپور میں درجہ حرارت 47 اور میرپور خاص میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، تھرپارکر، مٹھی میں درجہ حرارت 43.5 اور چھور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدین اور ٹنڈوجام میں درجہ حرارت 42 جبکہ ٹھٹہ میں 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، شہر قائد کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جناح ٹرمینل اور گلستانِ جوہر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، شاہراہِ فیصل پر 39، ماڑی پور میں 38 جبکہ بن قاسم 34.6 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سب سے کم گرم رہا۔