نفری میں اضافہ، پوتن کا یوکرین میں 7 لاکھ سے زائد روسی فوجی تعینات کرنے کا اعلان

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے روسی مسلح افواج کی مجموعی نفری میں مزید اضافہ کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کی تعداد 15 لاکھ 10 ہزار مقرر کر دی ہے، جبکہ مجموعی اسٹافنگ اسٹرینتھ 23 لاکھ 99 ہزار 130 تک پہنچا دی گئی ہے۔

صدارتی فرمان کے مطابق اس سے قبل 4 مارچ 2026 کے حکم نامے کے تحت روسی فوج میں حاضر سروس اہلکاروں کی تعداد 15 لاکھ 2 ہزار 640 تھی، جس میں اب تقریباً 7 ہزار 360 فوجیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب روس ڈے کے موقع پر خصوصی فوجی آپریشن میں شریک فوجیوں سے ملاقات کے دوران صدر پوتن نے انکشاف کیا کہ اس وقت یوکرین میں جاری فوجی کارروائیوں کے علاقے میں روس کے 7 لاکھ سے زائد فوجی تعینات ہیں۔

صدر پوتن نے کہا کہ روسی افواج روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کر رہی ہیں اور اگرچہ رفتار توقعات کے مطابق نہیں، تاہم روسی فوج مرحلہ وار اپنے اہداف حاصل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آور یونٹس ہر جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں اور موجودہ آپریشن میں بھی انہی دستوں کی اہمیت سب سے زیادہ ہے۔

ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس جدید جنگی ٹیکنالوجی، خصوصاً ایف پی وی ڈرونز، مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ڈرونز اور جدید سیٹلائٹ نظام کی تیاری پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔

ان کے مطابق روس کا نیا سیٹلائٹ نظام بعض پہلوؤں میں اسٹارلنک سے بہتر ثابت ہو سکتا ہے اور حال ہی میں مزید 16 سیٹلائٹس مدار میں بھیجے گئے ہیں۔

روسی صدر نے کہا کہ یوکرینی حملوں کے جواب میں روس دشمن کے بنیادی ڈھانچے پر اپنے جوابی حملوں میں اضافہ کرے گا تاکہ روسی شہری تنصیبات پر حملوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

انہوں نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ روس کو اسٹریٹجک شکست دینا ممکن نہیں اور نیٹو ممالک کی حمایت کے باوجود روس اپنی قومی یکجہتی، دفاعی صلاحیت اور اقتصادی استحکام کی بدولت اپنے مقاصد حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پوتن نے کہا کہ حکومت خصوصی فوجی آپریشن میں شریک اہلکاروں کے لیے تعلیم، طبی بحالی اور روزگار سے متعلق خصوصی پروگراموں پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ وطن واپسی پر ان کی سماجی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں