آبنائے ہرمز امریکی علاقہ بنانے کی بات پر مذاق بھی بڑی غلطی ہے، ایرانی آرمی چیف
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسی باتوں پر مذاق کرنا بھی بڑی غلطی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ’’یہ ایران ہے اور اس کے محافظ آپ کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی افواج کو عملاً خطے سے نکال دیا گیا ہے اور اب انہیں خلیج، بحیرہ عمان یا آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔
ایرانی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو دوبارہ ان کی سابقہ پوزیشن پر واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایران ایسی کسی کوشش کو قبول نہیں کرے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے معاملے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ٹرمپ نے حال ہی میں آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کی بات کی تھی، جبکہ ایران امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے آبنائے پر اپنے کنٹرول پر زور دے رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments