ایران کیساتھ جنگ: امریکی صدر کی مقبولیت کم ترین سطح پر پہنچ گئی

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایران کے ساتھ جنگ کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت ان کی موجودہ صدارت کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

رائٹرز اور اپسوس کے تازہ سروے کے مطابق صرف 33 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کی صدارتی کارکردگی کی منظوری دی جبکہ 64 فیصد نے اسے مسترد کیا۔

اس سے قبل رواں ماہ ہونے والے سروے میں ٹرمپ کی مقبولیت 35 فیصد تھی، سروے کے مطابق 80 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ ایران میں امریکی فوجی مداخلت طویل عرصے تک جاری رہے گی۔

ڈیموکریٹس میں یہ شرح 87 فیصد جبکہ ریپبلکنز میں 71 فیصد ہے، صرف 16 فیصد افراد نے کہا کہ جنگ چند ہفتوں میں ختم ہونے کا امکان ہے، ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کی ایک بڑی وجہ ایران کے خلاف جنگ اور اس کے نتیجے میں تیل اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سروے میں صرف ہر پانچ میں سے ایک امریکی نے ایران کے خلاف جنگ کو قابل جواز قرار دیا جبکہ ریپبلکنز میں بھی صرف نصف افراد نے جنگ کو درست فیصلہ سمجھا، ایران جنگ اور بڑھتی ہوئی پٹرول قیمتوں نے نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے قبل ریپبلکنز کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

ڈیموکریٹس اب ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکن اکثریت ختم کرنے کے ساتھ ساتھ سینیٹ میں بھی کامیابی کے امکانات دیکھ رہے ہیں، معیشت کے معاملے میں بھی ڈیموکریٹس نے برتری حاصل کر لی ہے۔

تازہ سروے میں 38 فیصد ووٹرز نے کہا کہ ڈیموکریٹس معیشت بہتر انداز میں چلا سکتے ہیں جبکہ 35 فیصد نے ریپبلکنز کو ترجیح دی، امیگریشن کے معاملے میں ریپبلکنز اب بھی معمولی برتری رکھتے ہیں تاہم یہ فرق ٹرمپ کی صدارت کے دوران کم ترین سطح پر آ گیا ہے۔

40 فیصد ووٹرز نے ریپبلکنز جبکہ 38 فیصد نے ڈیموکریٹس کی پالیسی کو بہتر قرار دیا، جنوری 2025 میں ریپبلکنز کو اس معاملے میں 26 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...