امریکی پابندیاں، دباؤ پہلے بھی ناکام، آئندہ بھی ناکامی ان کا مقدر بنے گی: ایران کا ٹرمپ پر طنز

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی پابندیوں پر ردعمل میں کہا کہ امریکی پابندیاں اور دباؤ پہلے بھی ناکام ہو چکے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کی غیر مشروط سرنڈر کی کوشش بھی ناکام ہوئی، موجودہ اقتصادی کارروائی بھی ناکام ہوگی، ہم یہ فلم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی کا دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے امریکا کی پرانی پالیسیوں کو ناکام قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایران کے خلاف کسی بھی ملک کے خلاف اب تک کی سب سے تباہ کن معاشی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے بھی کہا تھا کہ ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرے گا اور چین سمیت دیگر ممالک کو امریکا کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں یاد دلایا کہ 2012ء میں بھی امریکا نے ایران کے خلاف پابندیوں کو تاریخ کی سب سے تباہ کن پابندیاں قرار دیا تھا۔

انہوں نے اس کے سامنے طنزیہ انداز میں صرف ایک لفظ ’’ناکام‘‘ لکھا، اس کے بعد انہوں نے آٹھ سال قبل شروع کی گئی امریکی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم کا حوالہ دیا اور اسے بھی ناکام قرار دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تقریباً پانچ ماہ قبل امریکا کی جانب سے ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا تھا اور وہ ناکام ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب امریکا نے ایک اور تازہ دھمکی دی ہے یعنی وہی بکواس، بس دھمکانے والے نئے ہیں، عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکی حکمت عملی میں الفاظ اور چہرے تبدیل ہوسکتے ہیں لیکن ایران کو دباؤ کے ذریعے جھکانے کی کوشش نئی نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...