ٹرمپ نے ایران کے مسئلے کے حل میں روس کی شمولیت کا خیر مقدم کیا، کریملن
ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدارتی محمل کریملن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے مسئلے کے حل میں روس کی شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان نے کہا ہے کہ روس اور امریکا کے درمیان توانائی تعاون سے پوری دنیا کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، جبکہ روسی تیل کی فراہمی عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرے گی، روس امریکا اور عالمی منڈیوں کو پٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔
روسی صدارتی دفتر نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی منڈیوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، صدر پوتن اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے جاری رہی، جس میں یوکرین تنازع، ایران کی صورتحال، روسی ایندھن کی فراہمی اور بڑے اقتصادی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کریملن کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے یوکرین تنازع کے حل پر بھی خصوصی گفتگو کی، جبکہ روس امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے مناسب وقت پر غور کرے گا۔
ترجمان روسی صدارتی دفتر نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے مسئلے کے حل میں روس کی شمولیت کا خیرمقدم کیا، پوتن اور ٹرمپ نومبر میں چین میں ہونے والے ایپیک اجلاس میں شرکت کے خواہش مند ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments