نیتن یاہو کی ایران کیخلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کیلئے ٹرمپ پر دباؤ ڈالنے کی کوششیں

واشنگٹن: (دنیا نیوز) نیتن یاہو نے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کے لیے ٹرمپ پر دباؤ ڈالنے کی کوششیں شروع کردیں۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ’ایگزیوس‘ کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین ایران جنگ کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں اور مشاورت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔

ان کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

ایگزیوس نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ رومن گوفمین امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کر رہے ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے لیے میامی جانے کا بھی امکان ہے، تاہم موساد، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تک ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے سے متعلق نیتن یاہو کا دباؤ مسترد کرتے آئے ہیں، دونوں رہنماؤں کے درمیان 5 نومبر کو ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا، جس میں ایران جنگ کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تاہم ٹرمپ نے نئی فوجی کارروائی کے بجائے ایران کے خلاف بحری ناکا بندی اور اقتصادی دباؤ جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔

دوسری جانب اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد نیتن یاہو پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں، جبکہ ان کے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانے کا مینڈیٹ مل گیا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو، گادی آئزنکوٹ کی حکومت سازی کی کوششوں کو ناکام بنانے اور اقتدار برقرار رکھنے کے لیے ایران پر حملہ کرنے یا ایران کو اسرائیل پر حملے کے لیے اکسانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ روز نیتن یاہو نے گادی آئزنکوٹ سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی اور انہیں ایران کی موجودہ صورتِ حال پر بریفنگ دی، آئزنکوٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں موجودہ حالات ایران کے خلاف کسی فوری فوجی کارروائی کا تقاضا نہیں کرتے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...