شہر کے مختلف علاقوں میں خاتون ،پولیس کانسٹیبل قتل

لاہور(کرائم رپورٹر )شہر کے دو مختلف علاقوں میں ایک خاتون اورایک پولیس کانسٹیبل قتل ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق گجرپورہ، کرول گھاٹی انڈرپاس میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے خاتون کو قتل کر دیا۔
مقتولہ سعدیہ موٹر سائیکل رکشہ پر جا رہی تھی، کرول انڈر پاس میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آ کر خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی۔موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیور ایوب کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی، دونوں حملہ آور شلوار قمیض میں ملبوس تھے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے ۔اسکے علاوہ کاہنہ کے علاقہ میں پسند کی شادی کرنے والے پولیس کانسٹیبل کو قتل کر دیا گیا۔ لڑکی کے رشتے داروں نے ایک سال بعد نوجوان پولیس کانسٹیبل کو قتل کیا۔اسامہ بلال نامی نوجوان نے اپنے گاؤں کی سحر نامی لڑکی سے محبت کی شادی کی تھی۔سحر کے رشتے داروں نے اسامہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگئے ۔سحر پولیس کانسٹیبل ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔تحقیقات کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔