مسائل اور ان کا حل

تحریر : مفتی محمد زبیر


رہائشی مکان کیلئے لئے خریدے گئے پلاٹ پر زکوٰۃ کا معاملہ سوال :میں نے اپنا گھر ڈیڑھ سال پہلے19 لاکھ روپے میں بیچا اور قسطوں پراپنا ایک پلاٹ بک کروایا۔ اس ارادہ پر کہ اسے بیچ کر میں اپنی رہائش کیلئے کوئی یونٹ خریدوں گا ۔ میںنے کچھ پیسے نفع نقصان کی بنیاد پر انویسٹ بھی کررکھے ہیں، اب مجھے زکوٰۃ کے بارے میں درج ذیل3 سوالوں کے جوابات دیں : (1)کیا مجھے اس انویسٹمنٹ پر زکوٰۃ دینی ہو گی ؟

جواب : یہ پلاٹ آپ نے آگے فروخت کرنے کی نیت سے خریدا ہے،لہٰذایہ انویسٹمنٹ یعنی پلاٹ مال تجارت میں داخل ہے جس پر زکوٰۃ واجب ہے۔ 

انویسٹ کی ہوئی اصل رقم 

اور منافع پر زکوٰۃ واجب ہے

سوال(2):انویسٹ کی ہوئی رقم اور اس کے پرافٹ پر زکوٰۃ ادا کرنی ہو گی؟

جواب :جتنی رقم انویسٹ کی ہو اس پر اور اس سے حاصل شدہ تمام منافع پر زکوٰۃ واجب ہے۔

قرض دی گئی رقم پر زکوٰۃ کا معاملہ 

سوال : (3)جو رقم ادھار کے طور پر کسی کو دی ہوئی ہو کیا اس کی بھی زکوٰۃ ادا کرنی ہے؟ (حسین احمد، ملتان)

جواب :جی ہاں قابل وصول قرض پر زکوٰۃ واجب ہے البتہ آپ چاہیں تو ہر سال اس کی زکوٰۃ ادا کرتے رہیں اور چاہیں تو جب قرض کی رقم وصول ہوجائے تو گزشتہ تمام برسوں کا حساب کرکے اس کی زکوٰۃ اداکریں۔

’’اگر میں یہ چیز لوں تو مجھ پر یہ

 مردار ہو‘‘الفاظ کہنے کا مسئلہ

سوال :میری ایک آدمی کے ساتھ پلاٹ میں شراکت تھی، اس دوران ہمارے درمیان کسی بات پرتلخی ہوگئی۔ میراپلاٹ اورجو پیسے پارٹنرکے پاس تھے اس کے بارے میں، میں نے غصے میں آکریہ الفاظ استعمال کئے: ’’میں تم سے اپنایہ پلاٹ اوراپنایہ پیسہ نہیں لوں گا، اگرلوں تویہ مجھ پر خنزیر ہو اور مردار‘‘ ۔اب ہماری صلح ہوگئی ہے اب میراوہ پارٹنرمجھے یہ چیزیں دینے کیلئے تیارہے ،کیامیں اپنایہ پلاٹ اورپیسہ واپس لے سکتا ہوں یا نہیں لے سکتا؟ ان الفاظ کی شرعی حیثیت کیاہے ؟ اور کیا اس کی وجہ سے شرعاًمجھے پلاٹ اورپیسہ لینے میں کوئی رکاوٹ تو نہیں؟ (صوبیدار احمد بخش جروار، کوئٹہ)

جواب :صورت مسئولہ میںآپ کے اپنے پارٹنر سے مذکورہ رقم اور پلاٹ لینے سے شرعاً کوئی کفارہ عائد نہیں ہو گا۔ آپ پارٹنرسے اپنی مملوکہ اشیاء لے سکتے ہیں۔ (کذافی فتاوی عثمانی)

کمپیوٹر اورموبائل کی

 تصویر کا شرعی معاملہ

سوال : ہمیں معلوم ہے کہ پیپر والی تصویر تو بلا ضرورت حرام ہے مگر یہ بتائیں کہ کمپیوٹر اور سی ڈی اور ٹی وی کی تصویر کی شرعی حیثیت کے بارے میں بتادیں، کئی دوستوں میں یہ بحث چل رہی تھی کہ یہ جائز ہے یا ناجائز؟ (نجم الدین، لاہور)

جواب : کمپیوٹرسکرین ، سی ڈی اورموبائل یاٹی وی پرجوتصویرنظر آتی ہے چونکہ یہ ڈیجیٹل کیمرے کی تصویر ہوتی ہے اور اس کی کوئی پائیدارشکل نہیں ہوتی۔یہ بجائے تصویرکے ظل اور سایہ سے زیادہ مشابہت رکھتی ہے۔ نیزکسی بھی مرحلہ پر اس کااستقراردائمی شکل میں نہیں ہوتابلکہ لہروں اورشعاعوں کی شکل میں ہوتا ہے ۔اس لئے اس کاتصویرہونامحل تامل ہے کیونکہ تصویر اس نقش کو کہا جاتاہے جو پائیدار ہو اس لئے انہیں دیکھنا تصویردیکھنے کے حکم میں نہیںلیکن اس میں بھی ایسا پروگرام دیکھنا جو 

فواحش، محرمات اورمنکرات پرمشتمل ہواسی طرح ناجائزہے جس طرح ان کوخارج میں دیکھناناجائزہے، لہٰذا ان سے احتراز کرنا لازم ہے۔(تفصیل کیلئے فتاوی عثمانی، ج4 زیر طبع ملاحظہ فرمائیں )

نکاح میں جعلسازی کے

 خطرہ کی بناء پر نیا نکاح کرنا 

سوال :میری بیٹی نے ایک لڑکے کے ساتھ کورٹ میرج کرلی ہے لیکن مجھے ان کے اس نکاح پراطمینان نہیں، اب ہم اپنی لڑکی کااسی لڑکے کے ساتھ نیامہرمقررکرکے دوبارہ نکاح پڑھانا چاہتے ہیں، کیا یہ جائز ہے؟ لڑکا اور اس کے گھروالے بھی رضامندہیں۔

وضاحت: لڑکااورلڑکی بالغ ہیں اوران کے کورٹ میرج پیپراورنکاح نامہ بھی موجودہے جوسوال کے ہمراہ منسلک ہے، میرے عدم اطمینان کی وجہ یہ ہے کہ کہیں انہوں نے نکاح نامہ جعلسازی کرکے تیارنہ کیاہو(محمد نعیم، کراچی )۔

جواب:آپ کااپنی بیٹی کامذکورہ لڑکے کے ساتھ دوگواہوں کی موجودگی میں ازسرنوایجاب و قبول کے ساتھ دوبارہ نکاح پڑھانا شرعاً جائز ہے۔تاہم اگرپہلے نکاح میں ایجاب وقبول دو گواہوں کی موجودگی میںنہ ہوا ہو تو ایسی صورت میں پہلا نکاح شرعاً درست نہیں ہوا اب انہیں میاں بیوی کی حیثیت سے اکٹھے رہنے کیلئے نیانکاح کرنالازم ہے،اس میں مہربھی مقررکرناضروری ہے۔

اگرپہلے نکاح میں ایجاب وقبول دوگواہوں کی موجودگی میں ہواتھاتواب نیانکاح کرنا مستحب ہے لیکن نیا مہر مقرر کرنا ضروری نہیں۔ ہاں اگرلڑکااس مہرمیں اضافہ کرے گاتواس پر اضافی مہردینابھی لازم ہوگا۔اس لئے جو صورت بھی پیش آئی ہو اس کے مطابق عمل کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

دھوکے کی سزا

کسی گائوں میں ایک دھوبی رہتا تھا،جو شہر سے لوگوں کے کپڑے گدھے پر لاد کے گائوں لاتا اور دھونے کے بعد اسی پر لاد کے واپس شہر پہنچاتا تھا۔دھوبی کی کمائی کا یہی ذریعہ تھا اور وہ اس قدر کما لیتا کہ با آسانی گزر بسر کر سکے۔

زمین کی گردش رُک جائے تو کیا ہو؟

پیارے بچو!زمین اپنے محور کے گرد ایک ہزار میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے گھو م رہی ہے،تاہم اس وقت کیا ہو گااگر اس کی گرد ش اچانک رُک جائے؟اس کا جواب یہ ہے کہ ایسا ہوا تو اس کے اثرات انتہائی تباہ کُن ہوں گے۔ماہرین کے مطابق اگر زمین کا گھومنا اچانک تھم جائے تو ہر وہ چیز جو کسی دوسری چیز سے بندھی ہوئی نہیں ہے ۔اچانک مشرق کی جانب ایک ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اُ ڑنے لگے گی۔اس کے اثرات فضا پر بھی مرتب ہوں گے اور ہوائیں اتنی طاقتور ہو جائیں گی جیسے کسی ایٹم بم کے دھماکے کے بعد ہو سکتی ہیں۔

جانوروں کی دنیا

بٹیر دیہی علاقوں میں پایا جانے والا ایک خوبصورت پرندہ ہے۔اس کا تعلق پرندوں کے گالی فورمز خاندان سے ہے۔پرندوں کے اس بڑے خاندان میں مرغی،مور اور تیتر بھی شمال ہیں۔

پہیلیاں

ایک کھیتی کا دیکھا یہ حال نہ کوئی پتا نہ کوئی ڈال نہ ہی ڈالا بیج نہ جوتا ہل

اقوال زریں

٭… جوش کی بجائے ہوش سے کام لو۔ ٭… نادان کی صحبت میں مت بیٹھو کہیں ایسا نہ ہو کہ اس کی باتیں تمہیں اچھی لگنے لگیں۔ ٭…خوش رہنا چاہتے ہو تو کسی کا دل نہ دکھائو۔

ذرامسکرایئے

باپ بیٹے سے: یہ تم کیسی ماچس لائے ہو ایک تیلی بھی نہیں جل رہی؟ بیٹا: ایسا کیسے ہو سکتا ہے ابو ، میں تو ایک ایک تیلی چیک کر کے لایا ہوں سب جل رہی تھیں۔٭٭٭