مسائل اور ان کا حل

تحریر : مفتی محمد زبیر


مہر کے بدلے خلع یا طلاق دینا سوال : میری بیوی بلاوجہ میکے چلی گئی اور مہرکے طورپر5 تولہ سوناجومیں نے دیاتھاوہ بھی ساتھ لے گئی۔ میںنے وکیل کے ذریعے یہ پیغام بھجوایاکہ آپ سونے سمیت گھرواپس آجاؤتووہ مکان تبدیل کرکے نامعلوم مقام پرچلے گئے۔ اب اس نے تنسیخ نکاح کامقدمہ دائرکر دیا ہے۔وہ یہ چاہتے ہیں کہ میں اسے طلاق دے کر فارغ کروں۔

میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگرمیں اسے طلاق یاخلع دوں اور اس سے5 تولہ سونے کامطالبہ کروں تو کیا میرے لئے یہ مطالبہ کرنا جائز ہے؟۔ میری طرف سے کوئی حق تلفی ہے نہ کوئی جھگڑا بلکہ اس کی طرف سے یہ نافرمانی تھی کہ8 سال تک مجھ سے الگ رہی( بمعرفت جہانزیب، رشید آباد کراچی) 

جواب :نکاح کے بعد بیوی کو مہر ادا کرنا شرعاً لازم ہے تاہم اگرواقعتاًسوال میں ذکرکی گئی تفصیل درست ہے توا یسی صورت میںآپ مہر کے عوض میںخلع یا طلاق دے سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں آپ کیلئے خلع یاطلاق کے عوض، حق مہرمیں دیاگیاسونا واپس لینا شرعاًجا ئز ہے۔ (وفی الدرالمختار،453/3)۔

لڑکی کا اپنے لئے مناسب رشتہ 

کی دعا کرنا جائز ہے؟

سوال: میرے گھر والے میرا رشتہ خاندان میں کرناچاہتے ہیں، جس کیلئے میں راضی نہیں، میری عمر22سال ہے اورمیں کسی اور کو پسند کرتی ہوں۔وہ پنجابی ہیں ،غیرقوم کی وجہ سے میرے گھروالے کبھی راضی نہیں ہوںگے۔ میں نے پڑھاہے کہ لڑکی کے رشتہ کیلئے سب سے بہترین وصف یہ دیکھو کہ لڑکا دین کا پابند ہے یا نہیں؟۔ میں جس لڑکے سے رشتہ کرنا چاہتی ہوں وہ بااخلاق اور دین دار ہے جبکہ جس سے والدین رشتہ کرناچاہتے ہیں وہ نماز کابھی پابندنہیں ہے۔ بہت پریشان ہوں،براہ کرم میری رہنمائی فرمائیں اورپڑھنے کیلئے وظائف وغیرہ بتا دیں کہ میری پریشانی دورہو۔نیزاگرکوئی خواہش کرے کہ میرا نکاح فلاں سے ہو جائے تویہ نا جائز خواہش ہے یاجائز؟ میں یہ دعا مانگ کر گناہ تو نہیں کر رہی؟ (بمعرفت: قاری محمد ناصر)

جواب:کئی احادیث میں نبی کریمﷺ نے رشتہ کے انتخاب میں دینداری کو ترجیح دینے کی ترغیب عطا فرمائی ہے۔آپ کے والدین کو چاہئے کہ آپ کا رشتہ طے کرنے میں دینداری کوترجیح دیں اوردینداری کے لحاظ سے جو رشتہ زیادہ موزوں ہو اسی کا انتخاب کرنا چاہئے۔ نیز اگر آپ والدین کی بتائی ہوئی جگہ رشتہ نہ کرنا چاہیں تو والدین کو حکمت کے ساتھ بتا دینا چاہئے نیز کسی کا یہ خواہش کرنا کہ میرا نکاح فلاں سے ہوجائے شرعاً جائز ہے ،اس میں کوئی حرج نہیں اور مناسب اور نیک رشتہ کیلئے دعا کرنا بھی شرعاًجائز بلکہ مستحسن ہے ۔

مجنون اور پاگل شخص کی نماز جنازہ

 میں کونسی دعا پڑھی جائے گی 

سوال:جو پیدائشی پاگل ہواوراسی حالت میں بالغ ہو کر مر جائے، اس کے نمازجنازہ میں کونسی دعاپڑھی جائے؟

جواب:شرعاًایساشخص نابالغوں کے زمرے میں شمارہوتاہے اس کے جنازے میں وہی دعاپڑھی جائے گی جونابالغ بچوں کیلئے پڑھی جاتی ہے ۔( ردالمحتار655/1)

مال حرام سے حج یا عمرہ کرنا

سوال:زیدعرصہ درازتک بکر کے مال پر ناحق قابض رہا اور اس کے مال سے فائدہ اٹھاتارہا۔اب زیدحج وعمرہ پرجاناچاہتاہے، آیا زیدکاحج وعمرہ کیساہے جبکہ اس کے مال میں بکرکاکھایاہواناحق مال بھی شامل ہے، برائے مہربانی وضاحت فرما دیں(محبوب الٰہی جہلم)۔

جواب: کسی کے مال پرناحق قبضہ کرنا شرعاً ناجائز و حرام ہے، اس سے احترازلازم ہے اورجس کامال ناحق لیاہے اس کی ادائیگی فوری لازم ہے ، نیز غصب کئے ہوئے مال سے حج و عمرہ کرنا بھی جائز نہیں ۔ اگراس کے پاس اکثر رقم ذاتی( حلال ) ہوتواس سے حج وعمرہ کیا جا سکتا ہے مگر مال حرام ستعمال کرنے کا گناہ ہو گا۔ (فتاوی محمودیہ،315/10)،(وفی ردالمحتار،456/2)

سودی رقم ذاتی استعمال میں لانا 

سوال :کوئی بڑی رقم بینک میں رکھ کر منافع حاصل کرنا اور اس منافع کو اپنے اوپراور اپنی روزمرہ زندگی کے مختلف کاموں میں خرچ کرنا کیسا ہے ، رہنمائی فرما دیں کیا یہ حرام ہے؟ (میاں عظیم )

جواب :اگر سودی بینک میں رکھوایا تو منافع کے نام سے حاصل ہونے والی رقم سود ہے،جس کا لین ودین حرام ہے اور اسے اپنے کسی بھی کام میں خرچ کرنا حرام ہے ۔

عشاء کی نماز رات کوکب تک

 پڑھی جاسکتی ہے ؟

سوال:نمازعشاء رات کوکس وقت تک ہوتی ہے اورکس وقت قضاپڑھی جائے گی ؟

جواب:عشاء کی نماز آدھی رات تک بغیر کراہت کے اورآدھی رات سے صبح صادق تک کراہت کے ساتھ ادا ہوگی۔صبح صادق ہونے پرعشاء کی نمازقضاء ہوجائے گی۔ 

قرآن کریم میں ’’ح‘‘

 کو ’’خ‘‘ پڑھنا

سوال :قرآن پاک میں بعض لوگ اکثر لفظ ’’ح‘‘کو ’’خ‘‘پڑھتے ہیں کیوں؟ (عبداللہ، ہری پور)

جواب:حاء کوخاء سے بدل کرپڑھنا شرعاً غلط ہے، اس غلطی کو تجوید کی اصطلاح میں ’’لحن جلی‘‘ کہتے ہیں اورقرآن کریم اس طرح پڑھنا ناجائز ہے لہٰذاجلدازجلداس کی تصحیح کرنا لازم ہے (جمال القرآن و حاشیہ امداد السائلین، 150/2)۔

رجب کے روزے سے متعلق

 ایک حدیث کی تحقیق 

سوال:میں نے سناہے کہ حدیث شریف میں ہے کہ ’’جنت میں ایک نہرکانام رجب ہے جودودھ سے زیادہ سفیداورشہدسے زیادہ میٹھی ہے جوشخص رجب کاروزہ رکھے اللہ تعالیٰ اسے اسی نہرسے پلائے گا‘‘۔آپ سے عرض ہے کہ اس کے بارے میں بتائیں یہ حدیث شریف ہے یانہیں؟(عنایت اللہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ)

جواب:یہ حدیث ضعیف ہے بلکہ علامہ ابن جوزیؒ اس حدیث کے بارے میںفرماتے ہیں کہ اس کی کوئی اصل نہیںاورعلامہ ذہبی ؒفرماتے ہیں یہ حدیث باطل ہے۔ (مزیدتفصیل کیلئے دیکھئے :السنن والمبتدعات،142/1)۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

دھوکے کی سزا

کسی گائوں میں ایک دھوبی رہتا تھا،جو شہر سے لوگوں کے کپڑے گدھے پر لاد کے گائوں لاتا اور دھونے کے بعد اسی پر لاد کے واپس شہر پہنچاتا تھا۔دھوبی کی کمائی کا یہی ذریعہ تھا اور وہ اس قدر کما لیتا کہ با آسانی گزر بسر کر سکے۔

زمین کی گردش رُک جائے تو کیا ہو؟

پیارے بچو!زمین اپنے محور کے گرد ایک ہزار میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے گھو م رہی ہے،تاہم اس وقت کیا ہو گااگر اس کی گرد ش اچانک رُک جائے؟اس کا جواب یہ ہے کہ ایسا ہوا تو اس کے اثرات انتہائی تباہ کُن ہوں گے۔ماہرین کے مطابق اگر زمین کا گھومنا اچانک تھم جائے تو ہر وہ چیز جو کسی دوسری چیز سے بندھی ہوئی نہیں ہے ۔اچانک مشرق کی جانب ایک ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اُ ڑنے لگے گی۔اس کے اثرات فضا پر بھی مرتب ہوں گے اور ہوائیں اتنی طاقتور ہو جائیں گی جیسے کسی ایٹم بم کے دھماکے کے بعد ہو سکتی ہیں۔

جانوروں کی دنیا

بٹیر دیہی علاقوں میں پایا جانے والا ایک خوبصورت پرندہ ہے۔اس کا تعلق پرندوں کے گالی فورمز خاندان سے ہے۔پرندوں کے اس بڑے خاندان میں مرغی،مور اور تیتر بھی شمال ہیں۔

پہیلیاں

ایک کھیتی کا دیکھا یہ حال نہ کوئی پتا نہ کوئی ڈال نہ ہی ڈالا بیج نہ جوتا ہل

اقوال زریں

٭… جوش کی بجائے ہوش سے کام لو۔ ٭… نادان کی صحبت میں مت بیٹھو کہیں ایسا نہ ہو کہ اس کی باتیں تمہیں اچھی لگنے لگیں۔ ٭…خوش رہنا چاہتے ہو تو کسی کا دل نہ دکھائو۔

ذرامسکرایئے

باپ بیٹے سے: یہ تم کیسی ماچس لائے ہو ایک تیلی بھی نہیں جل رہی؟ بیٹا: ایسا کیسے ہو سکتا ہے ابو ، میں تو ایک ایک تیلی چیک کر کے لایا ہوں سب جل رہی تھیں۔٭٭٭