چھوٹا پھول

تحریر : روزنامہ دنیا


ایک باغ میں بہت سے پودے اور درخت تھے، جن پر ہر طرح کے پھول اور پھل لگے ہوئے تھے۔ درختوں پر پرندوں کی چہچہاٹ اور پھولوں کی خوشبو باغ کو خوبصورت بنائے ہوئے تھی۔ ایک دفعہ گلاب کے بہت سے پھول کرکٹ کھیل رہے تھے کہ ایک چھوٹا سا پھول آیا اور کہنے لگا ’’کیا میں آپ کے ساتھ کرکٹ کھیل سکتا ہوں‘‘۔

 اس پھول کا رنگ سب پھولوں سے تیز اور بے حد پیارا تھا لیکن اس کا قد بہت چھوٹا تھا۔ اس لئے وہ سب پھولوں کے مذاق کا نشانہ بن گیا۔ ایک پھول نے اسے دھکا دیا اور کہا ’’ خبردار اگر ہمارے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی، اتنے چھوٹے کو ہم اپنے ساتھ کبھی نہیں کھیلنے دیں گے‘‘۔

’’میں چھوٹا ہوں تو کیا ہوا، ہوں تو تم جیسا نا؟ تم بھی پھول ہو اور میں بھی پھول ہوں‘‘۔

’’خبردار اگر خود کو ہم سے ملانے کی کوشش کی، تو ایسا ہی ہے جیسے ہاتھیوں میں چیونٹی‘‘یہ کہہ کر سب ہنسنے لگے، چھوٹا پھول روتا ہوا واپس آ گیا۔

ماں نے پوچھا ’’ بیٹا کیا ہوا، تم رو کیوں رہے ہو‘‘؟۔

’’ امی سب پھول میرے چھوٹے قد کا مذاق اڑاتے ہیں، مجھے اپنے ساتھ کھیلنے نہیں دیتے‘‘۔

یہ سن کر چھوٹے پھول کی ماں کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، مگر وہ اسے مسکرا کر سمجھانے لگیں ’’بیٹا! تو کیا ہوا، دیکھو ہر چیز میں، ہر خوبی نہیں ہوتی مثلاً انسان کو دیکھو! کوئی کالا ہے تو کوئی گورا، کوئی چھوٹا ہے تو کوئی بڑا۔ اسی طرح پھول بھی سب ایک جیسے نہیں ہوتے۔ اب یہ دیکھو کہ تمہارا رنگ کتنا پیارا اور تیز ہے، اس طرح دوسروں کو یہ خوبی میسر نہیں، اس طرح ان کا قد بڑا ہے تو یہ خوبی تمہیں حاصل نہیں، اس لئے بیٹا اداس مت ہوا کرو اور اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کا ہر حالت میں شکر ادا کیا کرو‘‘ چھوٹا پھول آنسو صاف کرتے ہوئے بولا’’ لیکن امی جان یہ بات ان سب پھولوں کو کون سمجھائے‘‘۔

’’ کوئی بات نہیں بیٹا!وہ جیسا کرتے ہیں کرنے دو لیکن تم کسی کے ساتھ برا مت کرنا‘‘۔

’’ٹھیک ہے امی جان، اب میں ان سب کو دوست بنانے کی کوشش کروں گا‘‘ اس دوران سب پھول اندر داخل ہو گئے اور کہنے لگے۔’’ ہم نے آپ دونوں کی سب باتیں سن لی ہیں اور چھوٹے پھول کے دوست بن گئے ہیں، تم ہم سب کو معاف کر دو، چھوٹے پھول، ہم نے تمہارا بہت دل دکھایا ہے، ہم تم سے بہت شرمندہ ہیں اور تم سے معافی مانگ رہے ہیں‘‘۔

ان کی باتیں سن کر چھوٹا پھول اور اس کی ماں مسکرانے لگے۔ چھوٹا پھول آگے بڑھ کر سب کے گلے لگ گیا اور سب ہنسنے لگے۔ اس پر وہ پھول کہنے لگا، جس نے چھوٹے پھول کو دھکا دیا تھا، ’’چلو ہم کرکٹ کھیلتے ہیں‘‘ وہ سب دوڑ کر کرکٹ کھیلنے چلے گئے اور چاروں طرف خلوص و محبت کی خوشبو بکھر گئی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

مطیع اعظم (پہلی قسط )

حج کا موقع تھا، مکہ میں ہر طرف حجاج کرام نظر آ رہے تھے۔ مکہ کی فضائیں ’’لبیک اللھم لبیک‘‘ کی صدائوں سے گونج رہی تھیں۔ اللہ کی وحدانیت کا کلمہ پڑھنے والے، اہم ترین دینی فریضہ ادا کرنے کیلئے بیت اللہ کا طواف کر رہے تھے۔ یہ اموی خلافت کا دور تھا۔ عبدالمالک بن مروان مسلمانوں کے خلیفہ تھے۔

پناہ گاہ

مون گڑیا! سردی بہت بڑھ گئی ہے، ہمیں ایک بار نشیبستان جا کر دیکھنا چاہیے کہ وہاں کا کیا حال ہے۔ مونا لومڑی نے مون گڑیا سے کہا، جو نیلی اونی شال اوڑھے، یخ بستہ موسم میں ہونے والی ہلکی بارش سے لطف اندوز ہو رہی تھی۔ اچھا کیا جو تم نے مجھے یاد دلا دیا، میرا انتظار کرو، میں خالہ جان کو بتا کر ابھی آتی ہوں۔

بچوں کا انسائیکلوپیڈیا

خط استوا(Equator) کے قریب گرمی کیوں ہوتی ہے؟ خط استوا پر اور اس کے قرب و جوار میں واقع ممالک میں گرمی زیاد ہ اس لئے ہو تی ہے کہ سورج سال کے ہر دن سروںکے عین اوپر چمکتا ہے۔خط استوا سے دو رشمال یا جنوب میں واقع ممالک میں موسم بدلتے رہتے ہیں۔گرمی کے بعد سردی کا موسم آتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ زمین سورج کے گرد ایک جھکے ہوئے محور پر گردش کرتی ہے۔اس طرح بعض علاقے سال کا کچھ حصہ سورج کے قریب اور بعض سورج سے دور رہ کر گزارتے ہیں۔

صحت مند کیسے رہیں؟

٭…روزانہ کم از کم دو بار ہاتھ منہ دھویئے، ناک اور کان بھی صاف کیجئے۔ ٭…روزانہ کم از کم دوبار دانت صاف کیجئے۔

ذرا مسکرائیے

امی (منے سے) :بیٹا دیوار پر نہ چڑھو گر پڑے تو پانی بھی نہ مانگ سکو گے۔ منا: امی! میں پانی پی کر چڑھوں گا۔ ٭٭٭

دلچسپ حقائق

٭… مچھلی کی آنکھیں ہمیشہ کھلی رہتی ہیں کیونکہ اس کے پپوٹے نہیں ہوتے۔ ٭… اُلو وہ واحد پرندہ ہے جو اپنی اوپری پلکیں جھپکتا ہے۔ باقی سارے پرندے اپنی نچلی پلکیں جھپکاتے ہیں۔٭… کیا آپ جانتے ہیں کہ قادوس نامی پرندہ اڑتے اڑتے بھی سو جاتا ہے یا سو سکتا ہے۔