جشن آزادی ویوم دفاع پاکستان:ویمن ٹی 10 کرکٹ لیگ
وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی اور معرکہ حق میں فتح کے جشن کی تقریبات شروع ہوچکی ہیں، جن میں دیگر پروگراموں کے ساتھ کھیلوں کے مقابلے بھی شامل ہیں۔ حکومت نے رواں برس یوم آزادی’’معرکہ حق‘‘کے عنوان سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا مقصد قوم کے عزم، ایمان اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
جشن آزادی کی تقریبات یکم اگست سے ملک بھر میں شروع ہو چکی ہیں جو31اگست تک جاری رہیں گی۔ جشن آزادی کے حوالے سے کھیلوں کے مقابلے سرکاری و نجی سطح پر منعقد کیے جا رہے ہیں۔لاہور میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام شاندار فیملی فن ریس کا اہتمام کیا گیا جبکہ راولپنڈی میں بھی ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی(پی ایچ اے) اوریوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس(وائی ای ایس) ویلفیئر سوسائٹی نے جشن آزادی کی تقریبات ، معرکہ حق کا جشن فتح منانے اور افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کھیلوں کے مختلف پروگرام ترتیب دئیے ہیں جن میں ویمن ٹی ٹین کرکٹ لیگ، اے ایف ایل (آسٹریلین فٹ بال) اور بیس بال کے میچز سرفہرست ہیں۔
ویمن ٹی ٹین کرکٹ لیگ 22سے 24 اگست تک راول روڈ کرکٹ گرائونڈ راولپنڈی میں کھیلی جائے گی ۔ جس میں خواتین کی 6ٹیمیں راولپنڈی، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ویمن ٹی ٹین لیگ کا دوسرا ایڈیشن ہے۔ ٹورنامنٹ کیلئے ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز لیے گئے اور پھر منتخب ہونے والی ایک سو سے زائد خواتین کھلاڑیوں کو6ٹیموں میں تقسیم کیاگی ہے ، جس سے یقینا پاکستان کو بہترین نیا ٹیلنٹ ملے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودہ قیادت و انتظامیہ نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے ، ملک میں خواتین کرکٹرز کے نہ صرف معاوضوں میں خاطرخواہ اضافہ کیا بلکہ ٹورنامنٹس کے مواقع بھی زیادہ کردئیے لیکن اگر پی سی بی اپنی کنٹریکٹ پلیئرز کو ایسے چھوٹے پرائیویٹ ٹورنامنٹس کیلئے اجازت دے تو ان کے ساتھ کھیلنے سے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا بہتر موقع مل سکتا ہے۔ سپانسرز کو بھی چاہئے کہ اس طرح کے چھوٹے ٹورنامنٹس کیلئے بھی تعاون کریں تاکہ وسائل کی کمی کے باعث کوئی نوجوان بچہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار سے محروم نہ رہ جائے۔
ویمن ٹی ٹین کرکٹ لیگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں اکثریت ایسی نوجوان خواتین کھلاڑیوں کی حصہ لے رہی ہے جنہیں اس سے قبل کبھی کسی اچھے ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔ اس ٹورنامنٹ سے ان میں تجربے کے ساتھ اچھا اعتماد بھی ملے گا اور وہ مستقبل میں گرین شرٹس کا حصہ بن کر دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم سربلند کرسکتی ہیں۔
یوم دفاع کے موقع پرمختلف کھیلوں کے متعدد مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں ، جن میں سب سے نمایاں بیڈمنٹن، آسٹریلین فٹ بال (اے ایف ایل)، بیس بال ، ہاکی اور فٹ بال کے میچز و ٹورنامنٹس شامل ہیں۔ اے ایف ایل پاکستان کے زیراہتمام 22سے 24اگست 2025ء کو راولاکوٹ (آزادکشمیر) میں غازی ملت اے ایف ایل انٹر کلب مینز نیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جا رہاہے ۔ اسی طرح 6ستمبر کو پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام راولپنڈی اسلام آباد میں ویمن بیس بال اور اے ایف ایل (فٹی) کے شاندار مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان مرد و خواتین کھلاڑیوں کی ٹیمیں قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے آزادکشمیر سمیت ملک بھر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی جہاں نمائشی میچز کھیلے جائیں گے۔ جشن آزادی کے پروگراموں میں قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی ایوارڈز دینے کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی جن میں نیشنل گیمز، نیشنل چیمپئن شپس، ایشیاء و عالمی سطح پر مختلف میڈلز جیتنے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو خصوصی ایوارڈز اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔
حکومت کو چاہئے کہ یوم آزادی اور یوم دفاع کے مواقع پر منعقد ہونے والے کھیلوں کے تمام مقابلوں کی بھرپور حوصلہ افزائی و سرپرستی کرے، گرائونڈز سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی چھوٹے ٹورنامنٹس میں معاونت کرے تاکہ نیا ٹیلنٹ پروان چڑھ سکے۔