آج کا پکوان:السی کی پنیاں
اجزا:آدھا کلو کچی گندم، آدھا کلو السی، گھی تین پاؤ ، سو گرام گوند، چینی تین پاؤ، یا گڑ( حسب ذائقہ )، چار مغز 100 گرام، بادام، 100 گرام،پستہ 100 گرام،چھوٹی ہری الائچی 10 عدد، زردے کا رنگ آگر ڈالنا چاہیں تو ایک چوتھائی چھوٹی چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے گوند کو فرائی کریں تاکہ وہ پھول جائے، پھر کچی گندم اور السی کو الگ الگ ہلکا سا بھون لیں اور خیال کریں کہ جل نہ جائے، اب دونوں کو مکس کر کے گرائنڈر میں پیس لیں، اس سفوف کو کڑاہی میں ڈال کر گھی میں مزید بھونیں، اب گوند کا چورا کر کے اس میں شامل کر لیں۔اس کے بعد چینی یا گڑ کا شیرا بنا کر اس میں چار مغز، بادام، پستہ، الائچی اور زردہ رنگ (حسب ضرورت) شامل کرلیں اور اچھی طرح ہلائیں ، اب اس میں السی گندم اور گوند ڈال کر مکس کریں۔اچھی طرح سے سب چیزیں مکس ہونے کے بعد یکجان نظر آنے پر چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کریں اور اس کی لڈو کی شکل کی پنیاں بنا کر ایئر ٹائٹ جار میں محفوظ کرلیں۔
سرسوں کا ساگ
اجزا:سرسوں کا ساگ دوکلو، ہری مرچیں چھ ،سات عدد نمک حسبِ ذائقہ لال مرچیں(پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ ،پا نی تین جگ، آٹا چھ چمچ، خالص گھی یا مکھن آدھاکپ لہسن بگھار کیلئے۔
ترکیب: مٹی کی ہانڈی میں یا اگر جلدی ہو توپریشر ککر میں پانی ڈال کر اس میں ہری مرچیں، نمک، لال مرچیں ڈال کر اْبلنے کیلئے رکھ دیں۔ سرسوں کے ساگ میں سے بڑے پتے نکال لیں۔ اور چھوٹے پتے اور ڈنٹھلوں کو خوب اچھی طرح سے کئی بار دھو کر باریک کتر لیں۔ ابلتے ہوئے پانی میں ساگ ڈال دیں۔ آنچ درمیانی رکھیں۔ جب دیکھیں کہ ساگ گل گیا ہے اور پانی تقریباً خشک ہوگیا ہے،تو اس کو بلینڈ کرلیں اب اس میں آٹے کو پانی میں گاڑھا گھول کر ڈال دیں اور خوب گھوٹیں۔ جب ساگ گھٹ کے ملائم شکل میں آجائے تو اسے کسی سرونگ ڈش میں نکال لیں اوپر سے خالص گھی ڈال دیں۔ گرم ساگ کی وجہ سے خودبخود پگھل جائے گا۔ مکئی کی روٹی یا سادہ روٹی کے ساتھ پیش کریں۔جب ساگ کو اگلے ایک آدھ دن میں گرم کرنا ہوتو خالص گھی میں باریک کٹے ہوئے لہسن کا تڑکہ لگا کر ساگ اس میں گرم کریں۔