عید الاضحیٰ کے فیشن ٹرینڈز
گرمیوں میں عید کیلئے ہلکے اور خوبصورت ملبوسات
عید الاضحی قربانی اور عبادت کے ساتھ ساتھ خاندانوں کی ملاقاتوں اور خوبصورت تیاریوں کا بھی نام ہے۔ خواتین عید کے موقع پر اپنے لباس، زیورات اور مجموعی انداز کو لے کر بہت پُرجوش ہوتی ہیں۔ چونکہ عید الاضحی اس سال گرمیوں کے موسم میں آ رہی ہے اس لیے اس سال فیشن میں ایسے ملبوسات کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے جو بیک وقت خوبصورت، نفیس اور آرام دہ ہوں۔ اب خواتین صرف بھاری بھرکم کپڑوں کے بجائے ایسے انداز کو ترجیح دے رہی ہیں جو گرمی میں سکون بھی دیں اور عید کی خوبصورتی بھی برقرار رکھیں۔اس سال پاکستانی فیشن انڈسٹری میںComfort with elegance یعنی آرام اور نفاست کا رجحان نمایاں نظر آ رہا ہے۔ ہلکے کپڑے، نرم رنگ، کم مگر خوبصورت کڑھائی اور روایتی انداز کے ساتھ جدید فیشن کا امتزاج اس عید کا خاص انداز بن چکا ہے۔
ہلکے کپڑوں کا بڑھتا رجحان
گرمیوں کی عید میں سب سے اہم چیز کپڑے کا انتخاب ہوتا ہے۔ خواتین ایسے کپڑوں کو ترجیح دے رہی ہیں جو پسینہ کم محسوس کرائیں اور پورا دن آرام دہ رہیں۔لان کے ملبوسات ہمیشہ سے پاکستانی خواتین کی پہلی پسند رہے ہیں لیکن کڑھائی والے لان سوٹ خاص طور پر فیشن میں ہیں۔ ہلکی پھلکی کڑھائی، نفیس ڈیزائن اور نرم کپڑا ایک خوبصورت اور مہذب انداز پیش کرتا ہے۔ اس کے ساتھ آرگنزا یا شیفون دوپٹہ لباس کی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیتا ہے۔فیشن ماہرین کے مطابق اس سال شوخ اور تیز رنگوں کے بجائے نرم اور ہلکے شیڈز زیادہ پسند کیے جا رہے ہیں۔ گرمی کے موسم میں یہ رنگ نہ صرف آنکھوں کو سکون دیتے ہیں بلکہ پہننے والے کی شخصیت میں بھی نفاست پیدا کرتے ہیں۔ جو رنگ خاص طور پر مقبول ہیں ان میںمنٹ گرین،پاوڈر پنک،سکائی بلیو، لیونڈر، پیچ، آف وائٹ اوربیج۔یہ رنگ دن کی تقریبات، خاندانی دعوتوں اور عید ملن پارٹیوں کے لیے بہترین سمجھے جا رہے ہیں۔ نوجوان لڑکیاں خاص طور پر پھولدار ڈیزائن اور نرم کڑھائی والے ہلکے رنگوں کے لباس کو ترجیح دے رہی ہیں۔
فرشی شلوار کی واپسی
اس سال کا سب سے دلچسپ فیشن رجحان فرشی شلوار کا دوبارہ مقبول ہونا ہے۔ ماضی کا یہ روایتی انداز اب جدید ڈیزائن کے ساتھ دوبارہ فیشن کا حصہ بن چکا ہے۔ چھوٹی قمیض کے ساتھ چوڑی فرشی شلوار ایک شاہانہ اور باوقار انداز دیتی ہے۔بہت سی خواتین عید کے لیے اس انداز کو پسند کر رہی ہیں کیونکہ یہ نہ صرف روایتی پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے بلکہ گرمی میں بھی کافی آرام دہ محسوس ہوتا ہے۔ ہلکی کڑھائی اور سادہ میک اپ کے ساتھ یہ انداز بے حد خوبصورت لگتا ہے۔
کم کڑھائی زیادہ نفاست
کچھ سال پہلے تک بھاری کام اور گہری کڑھائی کو عید فیشن کی پہچان سمجھا جاتا تھا، لیکن اب ٹرینڈ بدل چکا ہے۔ ہلکی کڑھائی سب سے زیادہ پسند کی جا رہی ہے۔اب خواتین ہلکی دھاگے کی کڑھائی،چکن کاری،موتیوں کا نفیس کام،لیس اور گوٹا ٹچ والے لباس کو ترجیح دے رہی ہیں۔ اس قسم کے ملبوسات نہ صرف نفیس لگتے ہیں بلکہ گرمی میں زیادہ آرام دہ بھی ہوتے ہیں۔
دوپٹے کا بدلتا انداز
اس سال دوپٹہ صرف ایک روایتی حصہ نہیں بلکہ پورے لباس کا نمایاں عنصر بن چکا ہے۔ سادہ لان سوٹ کے ساتھ آرگنزا یا شیفون دوپٹہ فوری طور پر ایک تہوار جیسا خوبصورت انداز پیدا کر دیتا ہے۔خاص طور پر مرر ورک والے دوپٹے،موتیوں سے مزین دوپٹے،گوٹا لیس بارڈر،کڑھائی والے آرگنزا دوپٹے فیشن میں ہیں۔ خواتین سادہ لباس کے ساتھ نمایاں دوپٹہ لے کر ایک خوبصورت توازن پیدا کر رہی ہیں۔
دن اور رات کیلئے الگ انداز
فیشن ماہرین کے مطابق عید کے دن اور رات کے لباس میں فرق رکھنا اب ایک نیا رجحان بن چکا ہے۔عید کے دن کے لیے ہلکے رنگ اور نرم میک اپ زیادہ پسند کیے جا رہے ہیں۔ ہلکے رنگ کا لان سوٹ، نفیس زیورات اور کھسے ایک مکمل اور خوبصورت انداز دیتے ہیں۔رات کی دعوتوں کے لیے خواتین نسبتاً گہرے رنگوں کا انتخاب کر رہی ہیں جیسے ایمرلڈ گرین، میرون، نیوی بلیو،پلم،سیاہ۔
زیورات اور فیشن لوازمات
بھاری زیورات کے بجائے ہلکے اور نفیس زیورات زیادہ پسند کیے جا رہے ہیں۔ خواتین اب سادگی میں خوبصورتی تلاش کر رہی ہیں۔اس سال جو لوازمات خاص طور پر مقبول ہیں ان میں موتیوں والی بالیاں، آکسیڈائزڈ جھمکے،نازک چینز،ہلکے رنگوں کی چوڑیاں،روایتی کھسے اور ہینڈ بیگز۔
نوجوان لڑکیوں کے پسندیدہ
نوجوان لڑکیوں میں چھوٹی فراک، انگھرکھا طرز کی قمیضیں اور ٹیولپ پینٹس کا رجحان کافی مقبول ہے۔ اس کے علاوہ پھولدار ڈیزائن اور واٹر کلر انداز بھی نوجوان نسل کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔بہت سی لڑکیاں اب ایک ہی رنگ کے بجائے مختلف رنگوں کے دوپٹے اور زیورات پسند کر رہی ہیں تاکہ ان کا انداز منفرد دکھائی دے۔ فیشن کے نئے رجحانات ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ خوبصورتی صرف مہنگے لباس میں نہیں بلکہ سادگی، آرام اور نفاست میں بھی ہوتی ہے۔ اگر لباس آرام دہ ہو اور رنگ دلکش ہوں تو عید کی خوشیاں خود بخود دوبالا ہو جاتی ہیں۔